عالمی طاقتوں کو پاکستان میں جمہوریت پسند نہیں، جعلی مینڈیٹ کے حامل لوگوں کو مسلط کردیا گیا : سراج الحق

جمعہ 8 مارچ 2024 23:06

عالمی طاقتوں کو پاکستان میں جمہوریت پسند نہیں، جعلی مینڈیٹ کے حامل ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 مارچ2024ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ فیوڈل کلاس اورامریکی استعمار کے ایجنٹ اسلامی سوسائٹی کو مغرب زدہ کرنا چاہتے ہیں، عالمی طاقتوں کو پاکستان میں جمہوریت پسند نہیں، جعلی مینڈیٹ کے حامل ان لوگوں کو مسلط کردیا گیا جنہیں فلسطین و کشمیر کی فکر ہے نہ پاکستانی عوام کی بہتری چاہتے ہیں۔

جماعت اسلامی خواتین ونگ مبارکباد کی مستحق ہے کہ انہوں نے عالمی یوم خواتین کو فلسطینی و کشمیری ماؤں بہنوں بیٹیوں کے نام کردیا۔ حقیقت یہ ہے کہ جنگوں میں سب سے زیادہ متاثرہ فریق عورت ہے، افغانستان، عراق، شام میں امریکی حملوں میں لاکھوں عورتوں پر ظلم ہوا۔ عالمی یوم خواتین کے سلسلے میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیراہتمام مال روڈ پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو کبھی حقوق نہیں دئیے گئے، جماعت اسلامی خواتین کو وراثت میں حق دلائے گی، انہیں بلاسود مائیکروفنانسنگ کی سہولت فراہم کریں گے، بچیوں کی مفت اور لازمی تعلیم کا بندوبست کریں گے، خواتین یونیورسٹیاں بنائیں گے، عورتوں کے لیے علیحدہ ٹرانسپورٹ ہوگی۔

(جاری ہے)

ہمیں الیکشن ہرایا گیا، ہمارے حوصلے بلند ہیں، جماعت اسلامی سے وابستہ خواتین سے اپیل کرتا ہوں کہ غزہ کی ماؤں بہنوں کا پیغام ہر گھر پہنچائیں، جماعت اسلامی پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جدوجہد جاری رکھے گی۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین ڈاکٹر حمیرا طارق، ڈپٹی سیکرٹری جنرلز ثمینہ سعید، ڈاکٹر سمحیہ راحیل قاضی، ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی اظہر اقبال حسن، امیر لاہور ضیا الدین انصاری و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

امیر جماعت نے کہا کہ نئی حکومت سے توقع تھی کہ فلسطین و کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے گی، لیکن وزیراعظم نے اپنی پہلی تقریر میں مظلومین غزہ کا نام تک نہیں لیا، پہلے اسمبلی اجلاس میں گھڑیاں، لوٹے اور بوٹ لہرائے گئے، گالم گلوچ ہوئی، ثابت ہوگیا دھاندلی زدہ حکمرانوں کو قوم کی کوئی پروا نہیں، یہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے وفادار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جہاں بھی کسی بچی یا خاتون پر ظلم ہوا، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان وہاں سب سے پہلے پہنچے۔

امیر جماعت نے کہا کہ شرم کا مقام ہے کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے پاکستان کا دنیا میں 145 نمبر ہے، یہاں عورتوں کو وراثت سے محروم کردیا جاتا ہے، خواتین کے استحصال اور ہراسگی کے واقعات ہوتے ہیں، عورت محفوظ نہیں۔ ہمارا عزم ہے کہ عورت کی عزت وحرمت کے تحفظ کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، ہم نے انقلابی منشور دیا جس میں دیگر اقدامات کے ساتھ یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ جو شخص گھر میں خاتون کو حق وراثت نہ دے اسے الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہ دی جائے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ صدی کے آغاز میں امریکہ اور دیگر یورپی ممالک کی خواتین نے اپنے حقوق کے لیے خواتین دن منانے کا فیصلہ کیا لیکن محسن انسانیتؐ نے 15صدیاں قبل ہی عورت کو تمام حقوق دیے، انہوں نے اس وقت ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو نعمت قراردیا جب بچیوں کو زندہ درگور کردیا جاتا تھا، خواتین کی منڈیاں لگتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین معاشرے میں اسلامی انقلاب کے لیے وہ کردار ادا کریں جو ہاجرہؑ نے ابراہیمؑ، آسیہؑ نے موسیٰ ؑاور زینبؓ نے کربلا میں ادا کیا۔