Live Updates

سترہ سیٹوں والے کو حکومت میں بٹھا دیا گیا جو کہ جمہوریت کا جنازہ ہے

پی ٹی آئی 178 اور مسلم لیگ ن صرف 17سیٹیں جیتی ہے، یہ حکومت شب خون مار کرآئی ہے، ہمیں ان سے کوئی توقعات نہیں، یہ ایک دوسرے سے کیوں شرما رہے کیونکہ یہ فیل ہوچکے ہیں۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی علی محمد خان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 9 مارچ 2024 21:16

سترہ سیٹوں والے کو حکومت میں بٹھا دیا گیا جو کہ جمہوریت کا جنازہ ہے
لاہور( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 09 مارچ 2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی 178 اور مسلم لیگ ن صرف 17سیٹیں جیتی ہے، سترہ سیٹوں والے کو حکومت میں بٹھا دیا گیاجو کہ جمہوریت کا جنازہ ہے،یہ حکومت شب خون مار کرآئی ہے، ہمیں ان سے کوئی توقعات نہیں، یہ ایک دوسرے سے کیوں شرما رہے کیونکہ یہ فیل ہوچکے ہیں۔

انہوں نے جیو نیو زکے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بہت آسان ہوتا ہے کہ ماضی کی طرف دیکھ کر کوئی رائے قائم کریں ، لیکن جب بندہ مشکلات کے بیچ میں ہوتا ہے، پھر پتا چلتا ہے کہ پریشر لے سکتا ہے یا نہیں،بڑا ہنگامہ خیز دور تھا، بڑے تاریخی مواقعے بھی آئے ، سب سے بڑا تاریخی موقع وہ تھا جب عمران خان نے افغانستان کے ایشو پر وزرائے خارجہ کی اسلامی سربراہی کانفرنس منعقد کرائی، وہاں اسلامی بلاک کی بات کی گئی، پھرعدم اعتماد کا سلسلہ چلا، ایک وہ ماضی کی تاریخ تھی جب بھٹو کو کہا گیا تھا ہم آپ کو تاریخ بنا دیں ، ایک بار وہی تاریخ دہرائی گئی۔

(جاری ہے)

آج وہ لوگ جو جمہوریت کے چیمپیئن کہتے ہیں وہ استعمال ہوئے، ایک ایسی حکومت کو ختم کیا گیا جس کے پیچھے عوام تھی اوراس حکومت کو پانچ پورے کرنے دینے چاہئیں تھے، اس وقت صدر مملکت نے کردار ادا کیا تھا، کسی بھی صدر کے پیچھے جب اپنی حکومت نہ ہو تو وہ اکیلا کچھ نہیں کرسکتا۔صدر عارف علوی ایک دن ہوئے کہ ایوان صدر سے رخصت ہوئے ، ہوسکتا ہے ان کی کچھ مجبوریاں ہوں، ان سے پہلے آصف زرداری اور ممنون حسین صدر بنے تھے، یہ واحد صدر تھے تو انتخابی حلقے کو جیت کر آئے تھے۔

شکر ہے ایک سیاسی صدر سے دوسرے سیاسی صدر کو اختیار ملا ہے۔ہم اپوزیشن میں رہ کر اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، سیاسی لوگ ہیں ہم عدالت میں جاسکتے ہیں، اسمبلی میں اور باہر احتجاج کریں گے۔ حکومت سے ہماری کوئی توقعات نہیں، وہ تو شب خون مار کرآئی ہے، حکومت میں آجانا خوشی کے شادیانے بجانے والی بات نہیں، اگر آپ ووٹ کی طاقت سے آئے ہوتے تو آپ کے پیچھے عوام کی طاقت ہوتی، یہ مانگے تانگے کی حکومت لے کر بیٹھے ہیں، جب آصف زرداری کے صدر منتخب ہونے اعلان ہوا تو نوازشریف اور شہبازشریف ایوان میں نہیں تھے ، یہ ایک دوسرے سے شرما کیوں رہے ہیں یہ فیل ہوچکے ہیں، آصف زرداری سے بھی کوئی توقع نہیں کہ وہ جعلی حکومت کو گھر بھیجیں گے، یہ ایک دوسرے کیلئے سیاسی بوجھ بن چکے ہیں کوئی بھی کندھا دینے کو تیار نہیں، یہ سب ہار ے ہوئے لوگ ہیں، پی ٹی آئی 178 اور مسلم لیگ ن صرف 17سیٹیں جیتی ہے، سترہ سیٹوں والے کو حکومت میں بٹھا دیا گیاجو کہ جمہوریت کا جنازہ ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات