Live Updates

احتجاج کے بجائے میثاق معیشت ،مفاہمت کی طرف بڑھاجائے،سیاسی استحکام ہی اقتصادی استحکام کا ذریعہ بنتا ہے،فرح ناز اکبر

شہبازشریف اور مریم نواز باتیں نہیں عملی کام کررہے ہیں،یہ وقت مسلم لیگ(ن) کا ہے ،حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی،رکن قومی اسمبلی

اتوار 10 مارچ 2024 15:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 مارچ2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن قومی اسمبلی و صدر مسلم لیگ(ن) شعبہ خواتین اسلام آباد فرح ناز اکبر نے جاری اپنے بیان میں کہاہے کہ قائد میاں نوازشریف معاشی و سیاسی عدم استحکام میں گھرے پاکستان اور مجبور مفلوک حال مسائل کے منجدھار میں جکڑی قوم کیلئے مسیحا ہیں،گذشتہ ادوار میں ناپختہ اور طفلانہ سیاسی قیادت نے ملک کے ساتھ بدترین سیاسی و معاشی کھلواڑ کرتے ہوئے ملک وقوم کو پستی اور اندھیروں میں دھکیل دیا جس کی وجہ سے آج پوری قوم اور ہمارا پاکستان خمیازہ بھگت رہاہے، ملک کو درپیش بحرانوں سے نکالنے کیلئے سب کو اپنافعال کردار اداکرناہوگا،احتجاج کی بجائے مل جل کر میثاق معیشت اور مفاہمت کی طرف بڑھا جائے،مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ قوم کی خدمت کو اولین ترجیح دی ہے اور ہم پاکستان کی معاشی خوشحالی استحکام اور سلامتی کیلئے اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز باتیں نہیں صرف عملی کام کررہی ہیں، پچھلے دس بارہ دنوں میں مریم نواز نے تاریخی اقدامات اٹھائے ہیں، رمضان نگہبان پیکج، پرائس کنٹرول سسٹم، نئے کینسرہسپتال کا اعلان، سرگودھا میںہسپتال کا ٰآغاز ،خواتین کا تحفظ یہ چند ایک نمایاں اقدامات ہیں۔مسلم لیگی رہنما فرح ناز اکبر نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک کو احتجاج کا اکھاڑ بنانے کی بجائے ہمارے قائد میاں نوازشریف کی پیشکش میثاق معیشت کی طرف پیشقدمی کی جائے،عوام مہنگائی، بے روزگاری ،بجلی پٹرول گیس کے بحرانوں کا حل چاہتے ہیں، سیاسی استحکام ہی اقتصادی استحکام کا ذریعہ بنتاہے، لہذا سیاسی استحکام کیلئے قومی سیاسی قیادت کو جھوٹی انا کو چھوڑ کر قومی وحدت، قومی ترجیحات اور قومی بحرانوں کے حل کیلئے قومی ایجنڈا پر اکٹھا ہوناہوگا۔

انہوں نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی چیئرمین کا آئی ایم ایف کو خط لکھنا ملک دشمنی کے مترادف ہے،پی ٹی آئی کی سیاست ملک میں انتشار اور فساد کے سوا کچھ نہیں ہے،9مئی کے کردار پارلیمنٹ اور پارلیمان پر حملہ آور ایک مرتبہ پھر صفف آرا ہو رہے ہیں، کسی کوبھی ایوان کا تقدس پامال نہیں ہونے دینگے،سابق وزیراعظم میاں نوازشریف دور کی طرح اگر ملک چلتا تو پاکستان بھارت سے آگے نکل جاتا،آج سوچناہے کہ ہم نے ملک کو آگے لیکر جانا ہے یا پیچھے ہمیں ترقی چاہئیے، غریب کوروٹی چاہئیے،غریب دووقت کی روٹی نہیں کھاسکاتو کیا ہم کامیاب حکومت ہونگے،ملک کے حالات مل کر ہی درست کئے جاسکتے ہیں، جمہوری روایات کو فروغ دیکر ملکی استحکام ترقی و خوشحالی کیلئے اپنا بھرپور کردارادا کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات