ؔآصف علی زرداری بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی مسائل کے حل میں اپناکلیدی کردارادا کریں گے، ہادی عسکری

اتوار 10 مارچ 2024 18:10

pکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدرانجینئر ہادی عسکری نے آصف علی زرداری کو دوسری باربھاری اکثریت سے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آصف علی زرداری بلوچستان کے عوام کے احساس محرومی کے خاتمے اور صوبے کو درپیش مسائل کے حل میں اپناکلیدی کردارادا کریں گے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر ہادی عسکری نے کہا کہ آصف علی زرداری کادوسری مرتبہ صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان منتخب ہونا ان پر اتحادی جماعتوں کے قائدین، قومی اسمبلی، سینٹ آف پاکستان اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین کا ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے، نو منتخب صدر مملکت آصف علی زرداری ایک کہنہ مشق، مخلص، مصالحت پسند، مدبر اور زیرک سیاسی رہنما ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا نو منتخب صدر آصف علی زرداری نے ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی ہے اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کا استحکام ہمیشہ ان کی اولین ترجیح رہی ہے، صدر آصف علی زرداری نے اپنے پہلے دورہ صدارت میں 1973 کے آئین کو اپنی اصل روح کے مطابق پارلیمان سے بحال کرا کر پارلیمان کو مضبوط اور صوبوں کو بااختیار بنایا،چھوٹے صوبوں کو صوبائی خودمختاری ،بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے آغاز حقوق بلوچستان پیکج دیا۔

انہوں نے کہاکہ ہم آصف علی زرداری کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر بلاول بھٹو زرداری ، فریال تالپور،آصفہ ، بختاور اور پیپلز پارٹی کے جیالوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ نومنتخب صدرآصف علی زرداری بلوچستان کے مسائل کے حل میںاپناکلیدی کرداراداکریں گے اور بلوچستان کے عوام میں پائی جانے والی احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے ماضی کی طرح عملی اقدامات کریں گے۔