وفاقی وزراء کو قلمدان سونپ دیئے گئے

محسن نقوی وزیر داخلہ اور اسحاق ڈار وزیر خارجہ بن گئے

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مارچ 2024 10:19

وفاقی وزراء کو قلمدان سونپ دیئے گئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2024ء ) وفاقی وزراء کو قلمدان سونپ دیئے گئے جس کے بعد محسن نقوی وزیر داخلہ اور اسحاق ڈار وزیر خارجہ بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کے بعد خواجہ آصف ملک کے نئے وزیر دفاع ہیں، انہیں دفاعی پیداوار اور ہوابازی کے اضافی قلمدان بھی دیئے گئے ہیں، اسحاق ڈار کو اس بار وزیر خارجہ بنایا گیا ہے، احسن اقبال منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر ہوں گے، اویس لغاری کو ریلوے کی وزارت ملی ہے اور امیر مقام کو سیفران، ثقافت و تاریخی ورثہ کا وزیر بنایا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ رانا تنویر حسین صنعت و پیداوار کا قلمدان سونپا گیا ہے، قیصر احمد شیخ وزارت بحری امور سنبھالیں گے، اعظم نذیر تاررڈ کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق کا قلمدان ملا ہے، مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ہوں گے، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سائنس وٹیکنالوجی، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر بنے ہیں۔

(جاری ہے)

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ محمد اورنگزیب وزیر خزانہ اور محصولات کی وزارت دیکھیں گے، محسن نقوی امور داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے، احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان سونپا گیا ہے، مصدق ملک کو توانائی اور پیٹرولیم جب کہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی وزارت ملی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اتحادی جماعتوں کی حکومت کی وفاقی کابینہ میں شامل وزراء نے گزشتہ روز حلف اٹھایا، ایوان صدر میں اس حوالے سے تقریب ہوئی، جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے نئی کابینہ سے حلف لیا، اس حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی تقرری کے لئے صدر مملکت کو نام تجویز کیے، جس کے بعد حلف برداری کی تقریب منعقد کی گئی۔