محسن نقوی متوازن وزیر داخلہ ہونگے،عطاءتارڑ

وفاقی کابینہ بڑے توازن کیساتھ بنائی گئی ہے ،محسن نقوی کو کسی کو ٹارگٹ کرنے کیلئے نہیں لایاگیا،وفاقی وزیر اطلاعات کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 12 مارچ 2024 11:11

محسن نقوی متوازن وزیر داخلہ ہونگے،عطاءتارڑ
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔12 مارچ2024 ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاتارڑ کا کہناہے کہ محسن نقوی متوازن وزیر داخلہ ہونگے ،وفاقی کابینہ بڑے توازن کیساتھ بنائی گئی ہے ،محسن نقوی کو کسی کو ٹارگٹ کرنے کیلئے نہیں لایاگیا۔محسن نقوی کی بطور نگران وزیراعلیٰ پنجاب کارکردگی بہت اچھی رہی ہے انہوں نے جس سپیڈ سے پنجاب میں پرفارم کیا ہے اسی بنیاد پر ان کو کابینہ میں شامل کیاگیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عطاءتارڑنے مزید کہا کہ میں اس بات کو تسلیم نہیں کرتا کہ محسن نقوی سٹیبلشمنٹ کے نمائندے ہیں یا ہمارے نمائندے نہیں ہیں۔محسن نقوی سب کو ساتھ لیکر چلنے والے آدمی ہیں ۔تحریک انصاف کو محسن نقوی سے اس لئے مسئلہ ہے کہ جب وہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب تھے تو اسی وقت 9مئی کا واقعہ ہوا تھا اور محسن نقوی نے 9مئی واقعات پر ایکشن لیا تھا ۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کوصرف یہی مسئلہ ہے کہ انہیں وزیر داخلہ کیوں بنایا گیا ہے ۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ وزیرخزانہ محمد اورنگزیب اعلیٰ تعلیم یافتہ ہیں اوروہ پرائیویٹ سیکٹر سے کروڑں روپے کی تنخواہ چھوڑکر آرہے ہیں اس لئے ان کی قابلیت کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں وزیر خزانہ چنا گیا تاکہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے ان کے تجربے سے فائدہ اٹھا یا جا سکے ۔

اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ نہ بنانے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پارٹی میں اس بارے میں کوئی اختلاف نہیں تھا پارٹی نے بہتر سمجھا کہ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بنانے کی بجائے وزیر خارجہ بنایا جائے تاکہ وہ بطور وزیر خارجہ بہتر کارکردگی دکھا سکیں گے۔قبل ازیں وفاقی کابینہ کے اراکین کو محکمے تفویض کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا محسن نقوی وزیر داخلہ جبکہ اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ بنایاگیا ہے ۔

خواجہ آصف وزیر دفاع ،احسن اقبال کو منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات ، اویس لغاری کو ریلوے اور امیر مقام کو سیفران، ثقافت و تاریخی ورثہ،رانا تنویر حسین صنعت و پیداوار ،قیصر احمد شیخ وزارت بحری امور، اعظم نذیر تاررڈ کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق کا قلمدان ،چوہدری سالک حسین سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی خالد مقبول صدیقی سائنس وٹیکنالوجی، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ، محمد اورنگزیب وزیر خزانہ اور محصولات کی وزارت دیکھیں گے۔

محسن نقوی امور داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے جبکہ احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان ،سینیٹر مصدق ملک کو توانائی اور پیٹرولیم جبکہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کو ہاوٴسنگ اینڈ ورکس کا وزیر مقرر کیا گیا ہے۔