طارق فاطمی وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر

طارق فاطمی کا عہدہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا، نوٹی فکیشن جاری

Sajid Ali ساجد علی منگل 12 مارچ 2024 15:16

طارق فاطمی وزیراعظم کے معاون خصوصی مقرر
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 مارچ 2024ء ) وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری سے سید طارق فاطمی کو معاون خصوصی مقرر کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے طارق فاطمی کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت معاون خصوصی طارق فاطمی کا درجہ وزیر مملکت کے برابر ہوگا۔ بتایا گیا ہے کہ شزہ فاطمہ کو وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کر دیا گیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شزہ فاطمہ کو وزیر مملکت برائے آئی ٹی کا قلمدان سونپنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے بعد شزہ فاطمہ وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر وزیر اعظم کے سیکریٹری اسد رحمان گیلانی کی جانب سے شزہ فاطمہ کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

اسی طرح وفاقی کابینہ کے ارکان کو محکمے تفویض کرنے کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا، جس کے بعد خواجہ آصف ملک کے نئے وزیر دفاع ہیں، انہیں دفاعی پیداوار اور ہوابازی کے اضافی قلمدان بھی دیئے گئے ہیں، اسحاق ڈار کو اس بار وزیر خارجہ بنایا گیا ہے، احسن اقبال منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کے وزیر ہوں گے، اویس لغاری کو ریلوے کی وزارت ملی ہے اور امیر مقام کو سیفران، ثقافت و تاریخی ورثہ کا وزیر بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نوٹی فکیشن سے معلوم ہوا ہے کہ رانا تنویر حسین صنعت و پیداوار کا قلمدان سونپا گیا ہے، قیصر احمد شیخ وزارت بحری امور سنبھالیں گے، اعظم نذیر تاررڈ کو قانون وانصاف اور انسانی حقوق کا قلمدان ملا ہے، مسلم لیگ ق کے چوہدری سالک حسین سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر ہوں گے، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سائنس وٹیکنالوجی، وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے وزیر بنے ہیں۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ محمد اورنگزیب وزیر خزانہ اور محصولات کی وزارت دیکھیں گے، محسن نقوی امور داخلہ اور انسداد منشیات کے وزیر ہوں گے، احد چیمہ کو اقتصادی امور اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کا قلمدان سونپا گیا ہے، مصدق ملک کو توانائی اور پیٹرولیم جب کہ میاں ریاض حسین پیرزادہ کو ہاؤسنگ اینڈ ورکس کی وزارت ملی ہے۔