سینیٹ کی 48سیٹوں پر انتخاب کا شیڈول جاری، 2 اپریل کو پولنگ ہوگی

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 15 اور 16 مارچ کو جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ تک کی جائے گی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 14 مارچ 2024 12:09

سینیٹ کی 48سیٹوں پر انتخاب کا شیڈول جاری، 2 اپریل کو پولنگ ہوگی
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مارچ2024 ء) الیکشن کمیشن نے سینیٹ کی 48سیٹوں پر پولنگ کا شیڈول جار ی کر دیا ہے،پولنگ 2اپریل کو ہوگی،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی 15 اور 16 مارچ کو جمع کروائے جا سکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 19 مارچ تک کی جائے گی۔ریٹرننگ آفیسرز آج پبلک نوٹس جاری کریں گے۔الیکشن کمیشن کے مطابق 19 مارچ تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہوگی۔

21 مارچ تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور پھر اپیلٹ ٹریبونلز 25 مارچ تک اپیلوں کو نمٹائیں گے۔ جس کے بعد 26 مارچ کو نظر ثانی فہرست اور 27 مارچ کو امیدوار اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔انتخابات کیلئے پولنگ قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

(جاری ہے)

11 مارچ کو سینیٹ کی نشستیں خالی ہونے کے بعد الیکشن کمیشن ان پر انتخابی شیڈول 14 مارچ کو جاری کرنے کا اعلان کیا تھا۔

سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخاب عمل میں لایا جائے گا جن میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں اور خواتین کی 2 علما اور ٹیکنوکریٹ کیلئے 2 اور غیر مسلم کی ایک نشست پر انتخاب ہوگا جبکہ سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ اور ایک غیر مسلم کی نشست پر انتخاب ہوگا، خیبر پختونخوا کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

اسی طرح بلوچستان کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخاب ہوگا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر انتخاب ہو گا۔سابق فاٹا کے 4 ارکان کی جانب سے خالی ہونے والی نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا، سابقہ فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے بعد سینیٹ میں فاٹا کیلئے مختص نشستیں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہوچکی ہیں۔واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی سمیت سینیٹ کے 52 ارکان کی مدت 11 مارچ کو مکمل ہو گئی تھی۔