ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے کھیل میں ریاست کی نبض ڈوب رہی ہے،سعد رفیق

وزیراعظم شہباز شریف اووزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ر علی امین گنڈا پور کی ملاقات درست سمت کی طرف بہترین قدم ہے،بیان

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 14 مارچ 2024 12:39

ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے کھیل میں ریاست کی نبض ڈوب رہی ہے،سعد رفیق
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مارچ2024 ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماءسعد رفیق نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے کھیل میں ریاست کی نبض ڈوب رہی ہے،وزیراعظم شہباز شریف اووزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ ر علی امین گنڈا پور کی ملاقات درست سمت کی طرف بہترین قدم ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس)پر جاری کردہ اپنے ٹوئیٹ میں رہنماءن لیگ کا مزید کہنا تھا کہ سیاست میں نفرت آمیزکھیل کو پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن تقریباًدفن کرچکی تھی لیکن بانی پی ٹی آئی نے حصول اقتدار کیلئے یہی ناجائز راستہ اپنایا۔

جس کے باعث وہ خود بھی پھنسے اورریاست و سیاسی برادری کو بھی اس میں پھنسادیا۔خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایک دوسرے کو تسلیم کرنا ہی پڑےگا۔ ریاستی معاملات پر مخالف سیاستدانوں کا مکالمہ جاری رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نفرت کی سیاست کو اب ختم کرنا ہوگا کیونکہ ملک کی بہتری اسی میں ہے ۔آپس کے اختلافات اور رنجشوں سے ملک کی کوئی خدمت نہیں ہو سکتی ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی ملاقات ہوئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے خوشگوار موڈ میں علی امین گنڈاپور کا استقبال کیا اور انہیں وفاق سے مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں دونوں جانب سے مسکراہٹوں کا تبادلہ ہوا تھا۔وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخواہ نے وزیراعظم کو خیبر پختونخوا کے انتظامی امورپرتفصیلی طور پر آگاہ کیاتھا۔

جس پر وزیر اعظم کا کہنا تھا خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے، ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا۔ملاقات میںٍ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے، ہم ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ملاقات میں وفاقی وزراءاسحاق ڈار،خواجہ آصف، احسن اقبال، امیر مقام اوراعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔