Live Updates

حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسو خ کر دئیے،ضمانت منظور

حسن اور حسین نواز کو 3ریفرنسز میں اشتہاری قرار دیکر دائمی وارنٹ جاری کئے گئے تھے،سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں نے 7سال اشتہاری رہنے کے بعد آج عدالت کے سامنے سرنڈ ر کیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 14 مارچ 2024 12:56

حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسو خ کر دئیے،ضمانت منظور
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 مارچ2024 ء) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ منسو خ کرتے ہوئے ضمانت بھی منظور کر لی۔حسن نواز اور حسین نواز العزیزیہ ، فلیگ شپ اور ایون فیلڈ ریفرنس میں عدالت میں پیش ہوئے۔ریفرنسز میں مفرور حسن اور حسین نواز نے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو سرنڈر کر دیا۔احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے ان کی حاضری لگانے کی ہدایت کی۔

عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے کیس کا ریکارڈ طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران قاضی مصباح نے کہا کہ گزشتہ سماعت پر دائمی وارنٹ معطل کرنے کی درخواست دی تھی جس پر جج ناصر جاوید رانا نے استفسار کیا کہ کتنے کیسز ہیں؟جواب میں قاضی مصباح نے کہا کہ تین ریفرنسز ہیں اور تینوں میں ہم نے درخواستیں دائر کر دی ہے، تین میں سے دو ریفرنسز میں بریت کے دو فیصلے ہائیکورٹ سے آئے ہیں، ایک ریفرنس میں احتساب عدالت نمبر دو نے ہی بریت کا فیصلہ دیا تھا، ٹرائل کے بریت کے فیصلے کو نیب نے چیلنج کیا تھا اور بعد میں اپیل واپس لے لی۔

(جاری ہے)

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کب تک پاکستان میں ہیں جس پرحسین نواز نے جواب دیا کہ میں ابھی پاکستان میں ہوں۔ ان کے وکیل نے استدعا کی کہ کیس کو کل تک سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔عدالت نے کہا کہ استغاثہ کو تیاری کیلئے تھوڑا وقت دیں۔ کل تو ویسے بھی یہ نہیں آئیں گے پلیڈر مقرر ہو چکا ہے۔بعدازاں احتساب عدالت نے حسین نواز اور حسن نواز کی وارنٹ گرفتاری منسوخ کرتے ہوئے 50 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت بھی منظور کر لی۔

حسین اور حسن نواز نے کل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست بھی دائر کردی بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت کل تک کیلئے ملتوی کردی، عدالت نے پاناما ریفرنسز میں حسن اور حسین نواز کے اشتہاری کا سٹیٹس بھی ختم کر دیا۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 2017 سے مسلسل غیرحاضر رہنے پر حسن نواز اور حسین نواز کو اشتہاری قرار دیا تھا۔ احتساب عدالت نے سرینڈر کرنے کیلئے حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کر رکھے تھے۔

سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز12 مارچ کو لندن سے براستہ استنبول کی پرواز سے پاکستان پہنچے تھے۔پاکستان آمد کے بعد دونوں بھائیوں کو سخت سیکورٹی میں جاتی امراءلے جایا گیا تھا جہاں سابق وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دونوں کا پرتپاک استقبال کیا تھا جبکہ خاندان کے دیگر افراد بھی اس موقع پر موجودتھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات