این اے 6 کے سابقہ امیدوار کا یوٹیلٹی سٹور کے ریجنل منیجر کے ہمراہ مختلف پوائنٹس کا دورہ

جمعہ 15 مارچ 2024 14:24

دیر لوئر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) رمضان المبارک کے موقع پر وزیراعظم آٹا ریلیف پیکج اور سسبسڈائز اشیائے خورد نوش کی شفاف طریقے سے عوام کو پہنچانے کے لئے حلقہ این اے 6 کے سابق نامزد امیدوار قومی اسمبلی حاجی روح اللہ شاکر اور حلقہ پی کے 18 کے امیدوار محمد زمان نے ریجنل منیجر یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن محمد ریاض کے ہمراہ مختلف پوائنٹس کا دورہ کیا ۔

اس موقع پر آٹا ریلیف پیکج کے ساتھ ساتھ دال ، چینی ، گھی ، آئل تقریباً 19 سبسڈائز آئٹم کا معائنہ کیا ۔ اس موقع پر ریجنل منیجر یوٹیلیٹی اسٹورز محمد ریاض کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے سابق امیدوار قومی اسمبلی حاجی روح اللہ شاکر نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ پھر لوئر دیر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا عملہ جانفشانی سے کام لے کر تمام علاقوں میں یکساں طور پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے جاری کردہ عوامی ریلیف پیکج عوام کو ان کی دہلیز پر پہنچائیں گے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انھوں نے یوٹیلیٹی سٹورز کے عملے کے کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ہر ویلج کونسل میں آٹا ریلیف پوائنٹس بنائی جائے تاکہ دور افتادہ علاقوں کے غریب عوام بھی وزیراعظم کے ریلیف پیکج سے استفادہ حاصل کرسکے ۔ جس پر ریجنل منیجر محمد ریاض نے انھیں یقین دلایا کہ وہ مرکزی حکومت کے ہدایات کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرینگے۔