Live Updates

’موجودہ حکومت مئی تک نہیں چل سکتی‘ فواد چوہدری کی پیشگوئی

موجودہ حکومت کو ہٹانے میں خیبرپختونخوا کا کردار اہم ہوگا۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 16 مارچ 2024 11:27

’موجودہ حکومت مئی تک نہیں چل سکتی‘ فواد چوہدری کی پیشگوئی
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مارچ 2024ء ) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے پیش گوئی کی ہے کہ موجودہ حکومت مئی تک نہیں چل سکتی۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، پانچ سال تو حکومت ہر گز نہیں چلتی ہوئی، موجودہ حکومت کو مودی سرکار اور ایان علی کے علاوہ کوئی نہیں مانتا، خیبرپختونخوا کا سیاسی کردار بہت اہم ہے، پاکستان بنانے میں بھی اہم کردار اداکیا، موجودہ حکومت کو ہٹانے میں خیبرپختونخوا کا کردار اہم ہوگا، مولانا فضل الرحمان نے لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا تو حکومت چلی جائےگی۔

فواد چوہدری یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ شہباز شریف نے جو مفاہمت والی بات کی وہ اچھی ہے لیکن ابھی تک منافقت چل رہی ہے مفاہمت نہیں، جو لوگ جیلوں میں ہیں پہلے انہیں تو نکالیں پھر مفاہمت کی بات ہوگی، ہزاروں کارکنوں کی رہائی کے بغیر شہبازشریف کی مفاہمت کی بات منافقت لگتی ہے، اس لیے سیاسی کارکنان کو رہا کریں تو پھر مفاہمت کی بات کریں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ یہ حکومت دراصل چوں چوں کا مربہ اور پی ڈی ایم ٹو ہے، اسی لیے نئی حکومت کے باوجود ملکی حالات خراب ہوں گے کیوں کہ پاکستان کی عوام ایک طرف اور حکومت دوسری جانب کھڑی ہے، جب تک عمران خان اور تحریک انصاف کو شامل نہیں کرتے ان میں بہتری نہیں آئے گی، عمران خان نے جس دن سے کہا الیکشن کمیشن پر آرٹیکل 6 لگے گا اس دن سے یہ ڈرے ہوئے ہیں، فارم 45 کی قانون سازی شہید بے نظیر بھٹو نے کروائی اور فارم 45 کی اہمیت عمران خان نے عوام کا باور کروائی ہے۔

فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پوری دنیا نے انتخابات پرسوالات اٹھائے ہیں، جس طرح کے انتخابات ہوئے ہیں سب کے سامنے ہیں، آسٹریلیا، امریکہ اور برطانیہ سمیت پوری دنیا نے انتخابات پر سوالات اٹھائے ہیں، 1965ء میں ایوب خان کے دورمیں جو الیکشن ہوئے تھے اس کے بعد یہ الیکشن بھی یاد رکھے جائیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات