ن لیگی سابق ایم این اے میاں فاروق پر بیٹے کی فائرنگ کا مقدمہ درج

فہد نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے والد اور بھائی قاسم فارو ق پر فائرنگ کر ڈالی،مقدمہ درج،میاں فاروق اور بیٹے فہد کی صلح دو ماہ قبل نواز شریف نے کروائی تھی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 16 مارچ 2024 16:15


فیصل آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 مارچ2024 ء) پولیس نے پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این میاں فاروق پر بیٹے کی جانب سے فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا ہے،پولیس نے واقعہ کا مقدمہ تھانہ روشن والا میں میاں فاروق کی مدعیت میں درج کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این میاں فاروق پر بیٹے نے فائرنگ کر دی جس سے میاں فاروق اور ان کے دوسرے بیٹے قاسم فاروق معجزانہ طور پر فائرنگ سے محفوظ رہے۔

پولیس کی جانب سے جاری بتایا گیا ہے کہ ملزم فہد نے معمولی تلخ کلامی پر اپنے والد میاں فاروق اور بھائی قاسم فاروق پر فائرنگ کر دی۔رہنماءن لیگ میاں فاروق کے اپنے دونوں بیٹوں ملزم فہد اور معظم سے کافی عرصے سے اختلافات چلے آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے 2ماہ قبل عام انتخابات سے قبل میاں فاروق کی اپنے بیٹے فہد سے اجلاس کے دوران صلح بھی کروائی تھی اور دونوں باپ بیٹے کو آپس کے اختلافات ختم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں نواز شریف نے لیگی رہنما کی باپ اور بھائی سے صلح کراوائی تھی۔نواز شریف نے اجلاس میں قرآنی آیات کا حوالہ دیا اور کہا کہ والدین کی تکریم ہر حال میں لازم ہے ،والدین کو آف تک کہنے کا حکم نہیں ہے ،میاں نواز شریف نے میاں معظم کو والد میاں فاروق اور میاں قاسم سے معافی مانگنے کی ہدایت کی ، میاں فاروق کے بیٹے میاں معظم نے والد اور بھائی میاں قاسم دونوں سے معذرت کی ،میاں معظم نے والد میاں فاروق کے گھٹنوں کو ہاتھ لگایا جبکہ بھائی میاں قاسم کو گلے لگایا ،میاں فاروق کے بیٹے میاں معظم نے والدکی مرضی کے برخلاف پارٹی ٹکٹ کیلئے درخواست دی تھی۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے میاں محمد فاروق اور ان کے بیٹے میاں قاسم فاروق نے این اے 99 فیصل آباد پانچ سے ٹکٹ کیلئے لیگی قیادت کو درخواست دے رکھی تھی جبکہ دوسرے بیٹے میاں معظم فاروق نے بھی اسی حلقے سے پارٹی سے قومی اسمبلی کا ٹکٹ مانگا، اور دونوں ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں شریک تھے۔