پیپلزپارٹی کے انتخابی مینڈیٹ پرڈاکہ مارنے والوں کے خلاف قانونی جنگ منطقی انجام کوپہنچائیں گے،آصف خان

چھینی گئی سیٹیں واپس لینے کے لیے ٹھوس ثبوت جمع ہورہے ہیں،کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی تیاری شروع کردی ہیں،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پی پی کراچی

اتوار 17 مارچ 2024 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات،کنوینرضلع شرقی آصف خان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کے انتخابی مینڈیٹ پرڈاکہ مارنے والوں کے خلاف قانونی جنگ منطقی انجام کوپہنچائیں گے،چھینی گئی سیٹیں واپس لینے کے لیے ٹھوس ثبوت جمع ہورہے ہیں، پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقارعلی بھٹو کا یوم شہادت شایان شان طریقے سے منانے کے لیے تیاریوں کاآغاز اورکنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کی تیاری شروع کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع شرقی کے رابطہ دفترمیں ضلعی تنظیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سرورخان غازی،ذوالفقارقائمخانی،فرخ نیازتنولی، خاورشاہ،لیاقت لودھی،فرحان غنی،میاں حسن،ارشد جان،منظورمنگی،فہد بلوچ،ایوب عتیق،مصباح خان،فرازاحمد،ایوب عتیق،محمد شہزاد، عبدالحق، عمران بروہی، محمدبلال، یاسمین بٹ،بادشاہ چانڈیو،صابرپرویز،اسما حسن،مزمل قریشی، بشیربروہی،مستی خان،،نعمان خان، حیدرعمرانی، اقربہ فاطمہ،اکرم گجردیگرنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کراچی شرقی کے انتخابی نتائج، تنظیمی کارگردگی کے جائزے سمیت کئی اہم امورپرغوراورآئندہ کا لائحہ عمل طے کیا گیااورسندھ سے سینیٹ نشستوں کے لیے پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے اورکاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں کومبارکباد دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آصف خان نے کہاکہ عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف پارٹی عہدیداروں وکارکنان نے جوثبوت فراہم کیے ہیں اس کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل بنارہے ہیں،انتخابی دھاندلی میں ملوث اندرونی وبیرونی عناصرکا محاسبہ ضرورہوگا، پیپلزپارٹی کے مینڈیٹ پرڈاکہ ڈالنے والے بے نقاب ہونگے۔

انہوں نے کارکنان کوہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں پارٹی کی سرگرمیوں کومنظم کریں،چاراپریل کوشہید ذوالفقارعلی بھٹوکے یوم شہادت کوشایان شان اندازمیں منانے کی تیاری کریں،ان کاکہنا تھا کہ کنٹونمنٹ انتخابات کے لیے پارٹی عہدیداروکارکنان صف بندی کریں اورپارٹی ورکرز کی حوصلہ شکنی کرنے والوں پرنگاہ رکھیں، عام انتخابات کی طرح کنٹونمنٹ انتخابات میں پیپلزپارٹی مخالفین کے لیے میدان کھلا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہاکہ ضلع شرقی میں جلد تنظیم نواورخالی عہدوں کوپرکرنے کا عمل شروع کریں گے،عام انتخابات اوراس کے بعد پارٹی کے لیے سرگرم کارکنان کونئی تنظیم سازی میں موقع دیں گے،ضلع شرقی میں تنظیم نوپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے فلسفہ چنو،نئی سوچ کے مطابق ہوگی۔