ضمنی الیکشن ،پی ٹی آئی رہنماءمونس الٰہی اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات عائد

متعلقہ ریٹرننگ افسران نے دونوں امیدواروں کے وکلاءکو اعتراضات سے متعلق موقف دینے کی ہدایت کی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 20 مارچ 2024 12:51

ضمنی الیکشن ،پی ٹی آئی رہنماءمونس الٰہی اور حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مارچ2024 ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 21اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی رہنماﺅں مونس الٰہی اور حماد اظہر کے لاہور کے حلقوں کیلئے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی پراعتراضات عائد کر دیا گیا ہے ۔متعلقہ ریٹرننگ افسران نے دونوں امیدواروں کے وکلاءکو اعتراضات سے متعلق موقف دینے کی ہدایت کی ہے۔

حماد اظہر نے این اے 119اور پی پی 164سے جبکہ مونس الٰہی نے پی پی 158سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔دریں اثناءلاہور میں قومی و صوبائی اسمبلی کی 5 نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئے 122 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروا ئے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لاہور کے 4 صوبائی اور ایک قومی اسمبلی کے حلقے میں ضمنی انتخابات کیلئے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فہرست کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 119 میں سنی اتحاد کونسل کے حماد اظہر اور مسلم لیگ (ن) کے علی پرویز ملک سمیت 13 امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیںجبکہ لاہور میں صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں میں حماد اظہر اور مونس الٰہی سمیت 109 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 13 مارچ کو قومی و صوبائی اسمبلیوں کی 23 نشستوں پر 21 اپریل کو ضمنی انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق قومی اسمبلی کی 6، پنجاب اسمبلی کی 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان اسمبلی کی 2، 2 جبکہ سندھ اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہوگا۔شیڈول کے مطابق ضمنی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی16 سے 18 مارچ تک جمع کرائے جاسکیں گے، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 21 مارچ کو ہوگی۔کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیلیں 25 مارچ تک جمع کرائی جاسکیں گی، الیکشن شیڈول کے مطابق الیکشن ٹریبونل 28 مارچ تک اپیلیں نمٹائیں گے۔جاری شیڈول میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ کاغذات نامزدگی 29 مارچ تک واپس لئے جاسکیں گے، حتمی امیدواروں کی فہرست 29 مارچ کو آویزاں کی جائے گی، انتخابی نشانات 30 مارچ کو الاٹ کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 21 اپریل کو ہوگی۔