سینیٹ انتخابات،پنجاب کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری،صنم جاوید ،زلفی بخاری کے کاغذات مسترد

جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے وہ 21 مارچ تک الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر سکتے ہیں،الیکشن کمیشن

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 20 مارچ 2024 14:06

سینیٹ انتخابات،پنجاب کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری،صنم جاوید ،زلفی ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 مارچ2024 ء) 2اپریل کو ہونے والے سینیٹ انتخابات کیلئے پنجاب سے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری،زلفی بخاری اور صنم جاوید کے کاغذات مسترد کر دئیے گئے،الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جن امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے وہ 21 مارچ تک الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر سکتے ہیں۔سینیٹ انتخابات کیلئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب، وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی،پاکستان مسلم لیگ ن کے مصدق ملک،مصطفیٰ رمدے،تحریک انصاف کے حامد خان، احد چیمہ ، عمر سرفراز چیمہ، ولید اقبال،یاسمین راشدکے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے۔

الیکشن کمیشن نے 14 مارچ کو سینیٹ کی 48 نشستوں پر 2 اپریل کو انتخابات کرانے کا شیڈول جاری کیا تھا۔سینیٹ انتخابات میں پنجاب کی 7 جنرل نشستوں اور خواتین کی 2 علما اور ٹیکنوکریٹ کیلئے 2 اور غیر مسلم کی ایک نشست پرجبکہ سندھ کی 7 جنرل، 2 خواتین ،2 علماءاور ٹیکنوکریٹ اور ایک غیر مسلم کی نشست اور خیبر پختونخوا کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علماءاور ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر انتخاب ہوگا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ بلوچستان کی 7 جنرل ، 2 خواتین ،2 علما اور ٹیکنوکریٹ نشستوں پر انتخاب ہوگا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر انتخاب ہو گا۔یاد رہے کہ 14 مارچ کو سینیٹ کی 6 نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی سمیت 4 امیدوار کامیاب ہوگئے تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ایک، ایک امیدوار کامیاب ہوئے تھے۔ پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کی کل تعداد 100 ہے، جس میں 4 صوبوں سے 23، سابق فاٹا اور اسلام آباد سے 4، 4 اراکین شامل ہیں، صوبے کیلئے مختص کردہ 23 نشستوں میں 14 جنرل نشستیں، 4 خواتین کیلئے، 4 ٹیکنوکریٹس اور ایک اقلیتی رکن کیلئے مختص کی گئی ہے۔