Live Updates

مخصوص جماعت بلاوجہ دھاندلی کا شور مچا رہی ہے، بات کرنی ہے تو ملکی مسائل، معیشت کی بحالی اور غربت کے خاتمہ پر کی جائے، طلال چوہدری

بدھ 20 مارچ 2024 19:50

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مارچ2024ء) مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما، سینیٹ کے نامزد امیدوارو سابق وزیر مملکت طلال چوہدری نے مقبول ٹاؤن فیصل آباد میں واسا کے متوفی ملازمین کے لواحقین میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ دونوں متوفی ملازمین آصف ولد الیاس اورشان ولد مشتاق اس دن چھٹی اور غیر سرکاری کام پر تھے جو پرائیویٹ سروس کی فراہمی کے دوران حادثہ کا شکار ہو کر جان سے چلے گئے مگروزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یہ دیکھے بغیر کہ وہ ذاتی کام پر تھے یا سرکاری کام پر، حکومت کی طرف سے ان کی مالی امداد کی ہدایت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دونوں کے سوگوار خاندانوں میں امدادی رقوم کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ملک میں اس وقت حکومت بن چکی ہے لیکن دوسری طرف ایک مخصوص جماعت کی طرف سے دھاندلی کابلاجواز شور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی پر بات کرنے کا ہمارے پاس کوئی وقت نہیں ہے لہٰذااگر بات کرنی ہے تو ملکی مسائل پر بات کی جائے، غربت پر بات کی جائے اور ملک میں معیشت کی جاری صورتحال پر بات کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اندر سے ٹی ٹی پی اور باہر سے پی ٹی آئی پاکستان پر حملہ آور ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اس وار سے شہباز شریف کی حکومت تو نہیں جائے گی لیکن ان کی حرکتوں سے اگر آئی ایم ایف سے ڈیل نہ ہوئی تو پاکستان ڈیفالٹ کر سکتا ہے اور سارا نقصان پاکستان کے غریب عوام کا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی پاکستان پر حملہ آور نہ ہو، ہم سے سیاسی لڑائی لڑے، ہم اس کا جواب دینے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی اور پی ٹی آئی میں صرف داڑھی کا فرق ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر پاکستان کے مسائل حل کرنے کیلئے بات کی جائے تو وہ کسی کے گھر جانے کو بھی تیار ہیں لیکن ہمارے پاس دھاندلی پر بات کرنے کا کوئی وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جتنے حلقے بھی کھلے یہ پی ٹی آئی کے کہنے پر کھلے اور پی ٹی آئی والے ہی اس پر سٹے لے رہے ہیں جس میں تین فیصل آباد کے حلقے بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی والے عمران خان کی معافی اور این آر او چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی یا جہادی سب کو ایک ہی طرح سے ڈیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں بجلی اور گیس کے بلوں کا احساس ہے لیکن ہم ملک کو سری لنکا نہیں بننے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ پچھلے ایک مہینے سے عوام کو محسوس ہو رہا ہے کہ کوئی ایسی حکومت آئی ہے جسے عوام کا احساس ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آنا اور جانا ہر کسی کا حق ہے، نواز شریف مستقل طور پر پاکستان میں رہیں گے اور دونوں حکومتوں کو گائیڈ کریں گے۔ اس موقع پر انہوں نے متوفی آصف کے والد الیاس کو 33 لاکھ 45 ہزار 168 روپے کا چیک دیا جبکہ متوفی شان کے والد مشتاق کو 77 ہزار 553 روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر ایم ڈی واسا عامر عزیز اور لیگی رہنمامیاں عرفان منان بھی موجود تھے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات