Live Updates

ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، مونس الٰہی

عمران خان باہر آئیں گے تو میرے، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر رہنماؤں کی واپسی کے امکانات ہوں گے۔ سابق وفاقی وزیر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 مارچ 2024 15:05

ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، مونس الٰہی
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الہٰی نے کہا ہے کہ ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے، عمران خان کو ریلیف ملے گا تو ویسے ہی ہمیں بھی ملے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قائد عمران خان باہر آئیں گے تو میرے، حماد اظہر، مراد سعید اور دیگر رہنماؤں کی واپسی کے امکانات ہوں گے کیوں کہ اس وقت ہمارے لیے جیل اور ایف آئی اے والا نہیں بلکہ الگ پلان بنا ہوا ہے۔

سابق وفاق وزیر نے کہا کہ عمران خان کی رہائی کے لیے زیادہ کوششیں نہیں ہو رہی ہیں، ہم کور کمیٹی اور وکلاء کے ساتھ بھی بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ اٹھا رہے ہیں، وکلاء کی توجہ صرف سابق وزیراعظم کے کیسز پر ہونی چاہیئے، وکلاء کی توجہ پریس کانفرنس، ٹاک شوز اور حلقے کی سیاست پر نہیں ہونی چاہیئے، عمران خان کے کیسز پر توجہ ہوگی تو جلد نتائج سامنے آئیں گے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 21 اپریل کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی رہنماﺅں مونس الٰہی اور حماد اظہر کے لاہور کے حلقوں کیلئے جمع کروائے گئے کاغذات نامزدگی پراعتراضات عائد کر دیا گیا، متعلقہ ریٹرننگ افسران نے دونوں امیدواروں کے وکلاء کو اعتراضات سے متعلق موقف دینے کی ہدایت کی ہے، حماد اظہر نے این اے 119اور پی پی 164سے جب کہ مونس الٰہی نے پی پی 158سے الیکشن میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا رکھے ہیں۔

دوسری طرف لاہور ہائیکورٹ نے منی لارنڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جار ی کر دئیے، عدالت نے ایف آئی اے منی لانڈرنگ کے کیس میں مونس الٰہی کی اہلیہ تحریم الٰہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر تے ہوئے سماعت عید کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کردی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات