پیپلز پارٹی کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کے مسائل حل کئے جائیں، میئرکراچی

پیپلزپارٹی بلاتفریق خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اس لئے شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

جمعرات 21 مارچ 2024 17:08

پیپلز پارٹی کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کے مسائل حل کئے جائیں، میئرکراچی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی ہر ممکن کوشش ہے کہ عوام کے مسائل حل کئے جائیں، بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کراچی کی ترقی کا سفر بھرپور انداز میں جاری ہے، آٹھ کروڑ کی لاگت سے اورنگی ٹاؤن میں پچپن ہزار اسکوائر فٹ سڑکوں اور گلیوں کو پختہ کیا جائے گا، پانی، سیوریج، انفراسٹرکچر کی بہتری اور ترقی ہماری ترجیحات میں شامل ہیں، کراچی کے مضافاتی علاقوں میں بھی ترقیاتی کام تواتر سے جاری ہیں، پیپلزپارٹی بلاتفریق خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے، اس لئے شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کا سلسلہ شروع کردیا ہے، ہم لوگوں کو ریلیف دینا چاہتے ہیں، سب مل کر کام کریں گے تو شہر میں بہتری آئے گی، یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز اورنگی ٹاؤن میں مختلف سڑکوں اور گلیوں میں پیورکاری کے کاموں کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد ، سٹی کونسل میں پیپلزپارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، میئر کراچی کے ترجمان برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، جمن دروان اور دیگر مقامی رہنماء اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ بلاول بھٹو کے وژن کے تحت آج ایک گلدستے کی شکل میں موجود ہیں ، پی ٹی آئی کے ٹاؤن چیئرمین اور بلدیاتی نمائندے ہمارے ساتھ ہیں ، اے ڈی پی اسکیم کے تحت اورنگی ٹائون میں سڑکوں اور گلیوں کو پختہ کیا جار ہا ہے تاکہ اس علاقے کے عوام کا دیرینہ مسئلہ حل ہوسکے، اورنگی کے علاقے میں لوگوں بالخصوص خواتین اور بچوں کو آمدورفت میں سہولت فراہم کرنے کے لئے اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا گیا ہے اور جلد از جلد مکمل کیا جائے گا جس کا کریڈٹ پیپلز پارٹی کی قیادت کو جاتا ہے،انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹاؤن میں موجود پارکس کو بھی مزید بہتر بنارہے ہیں، آفاق شہید پارک کو ہم نے بحال کیا تھا تاکہ علاقے کے لوگوں کو بہتر تفریحی سہولیات میسر آسکیں دیگر پارکس کو بھی سرسبز بنا کر جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا، شہریوں کی بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے موثر حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اورنگی ٹائون میں کے ایم سی کے فائر اسٹیشن کے برابر میں ایک ریبیز کنٹرول مرکز بنایا گیا ہے جہاں کام شروع ہوگیا ہے ، سگ گزیدگی کے واقعات کے تدارک کے لئے یہ کام بہت ضروری تھا ، انہوں نے کہا کہ گٹر کے ڈھکن کا جہاں تک سوال ہے بدقسمتی سے انہیں ہٹا دیا جاتا ہے ،پلوں کے سریے کاٹ دیئے جاتے ہیں ، پائوڈر مافیا کو کنٹرول کرنا پولیس کا کام ہے، وزیراعلیٰ سمیت اعلیٰ پولیس حکام کو بھی ہیروئنچیوں کے حوالے سے بتایا ہے، پولیس کی اسپیشل برانچ بہت موثر ہے، نئے وزیر داخلہ اسے مزید بہتر کریں گے، پولیس کو جو ہماری جانب سے مدد چاہیے ہوگی وہ فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ سیف سٹی پروجیکٹ پچھلے سال بنایا تھاگزشتہ روز اس منصوبے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں، اگلے تیس روز میں اس پر کام شروع ہوجائے گا، ٹیکنالوجی کی بنیاد پر ہونے والے کاموں سے کراچی میں بہتری آئے گی، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کو گیارہ سو ایم جی ڈی پانی چاہئے لیکن پانچ سو پچاس ایم جی ڈی مل رہا ہے، ہم اس وقت نصف پانی حاصل کررہے ہیں تاہم فراہمی آب کے نئے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے اور مستقبل میں ان کے ثمرات شہریوں کو حاصل ہوں گے ۔