ی* اسحق ڈار کا بیان قابل مذمت ،پی ڈی ایم کے تھیلے سے بلی باہر آچکی ہے : جاوید قصوری

ں*جواب میںبھارتی وزیر خارجہ کا انکار،مذاکرات کی بھیک مانگنے والوں کے لئے شرمناک ہے , ہندوستان کلبھوشن نیٹ ورک کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کو پروان چڑھا رہا ہے : امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمدجاویدقصوری

اتوار 24 مارچ 2024 18:15

ض*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مارچ2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وزیر خارجہ اسحق ڈار کے بیان جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ’’پاکستان بھارت کے ساتھ تجارتی تعلقات بحال کرنے کا جائزہ لے گا ، تاجر چاہتے ہیں کہ تجارت بحال ہو‘‘ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمرانوں کی اس خواہش کو بھارتی وزیر خارجہ نے مذاکرات سے انکار کر کے زمین میں دفن کر دیا ہے جوکہ ہندوستان سے مذاکرات کی بھیک مانگنے والوں کے لئے شرمناک ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کوئی بھی محب وطن شخص انڈیا سے تعلقات بحال نہیں کرنا چاہتا ۔ حکمران اپنے ایجنڈے کی تکمیل کے لئے تاجروں کا نام استعمال کر رہے ہیں، جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔ انہوںنے کہا ہے کہ ایک طرف نیدرا مودی اپنے جلسوں میں پاکستان کو نشانہ بنا رہا ہے ، پاکستان کی سلامتی کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے تو دوسرے جانب پی ڈی ایم ٹو کی حکومت ہندوستان کی محبت میں اندھی ہو رہی ہے ۔

(جاری ہے)

نو منتخب حکومت کے تھیلے سے بلی باہر آچکی ہے ، بھارت نواز حکمرانوں سے خیر کی توقع نہیں ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے براہ راست مودی حکومت ہے جس کے شواہد وقومی میڈیا پر بھی معتدد بار آچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندیوں پر شدید مذمت کرتے ہیں۔ ہندوستانی افواج مقبوضہ کشمیر میں 1990ء کی دہائی سے اب تک 33 سالوں کے دوران آزادی مانگنے کی پاداش میں 96 ہزار 285 کشمیروں کو شہید کر چکی ہیں۔

5 اگست 2019 کو ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت بھی منسوخ کر دی، لیکن کشمیر پاکستان کی شہ رگ تھی اور ہمیشہ رہے گی ۔2019 سے مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی طویل ترین بندش جاری ہے۔ مگر کسی کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی۔پورے خطے کو فوجی چھاونی میں بدل دیا گیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی عزت، وقار اور سلامتی کے لئے ضروری ہے کہ بھارت نواز حکمران پاکستان کے مفادات کو مد نظر رکھیں۔ بھارت سے اس وقت تک مذاکرات کامیاب نہیں ہو سکتے جب تک مسئلہ کشمیر کااقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل نہیں نکالا جاتا اور پاکستان میں دہشت گردی کو عملی طور پر سپورٹ ختم نہیں کر دی جاتی ۔ ہندوستان کلبھوشن نیٹ ورک کے ذریعے دہشت گردی کو پروان چڑھا رہا ہے ۔