کراچی، ڈیفنس میں غلام مرتضی جتوئی کے گھر پرپولیس کا چھاپہ تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی

بدھ 27 مارچ 2024 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) سندھ اور کراچی پولیس کی بھاری نفری نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب ڈیفنس میں جتوئی ہائوس پر چھاپہ مارا تاہم کسی شخص کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب اندرون سندھ پولیس کی بھاری نفری نے کلفٹن ڈویژن پولیس کے ہمراہ ڈیفنس میں رہائش پذیرسابق وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کر پورے گھر کی تلاشی لی۔

پولیس ذرائع کے مطابق رات گئے اندرون سندھ مورو، نوشہرو فیروز اور نواب شاہ پولیس کی بھاری نفری نے ساحل تھانے کی حدود کلفٹن ڈویژن کی پولیس کے ہمراہ ڈیفنس میں رہائش پذیر سابق وزیر اعظم پاکستان(مرحوم)غلام مصطفی جتوئی کے بیٹے سابق وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی کی ڈیفنس والی رہائش گاہ جتوئی ہائوس پر چھاپہ مارا۔

(جاری ہے)

پولیس کی بھاری نفری جتوئی ہائوس میں داخل ہوئی اور پورے گھر کی تلاشی لی، الماریوں سے سامان نکال کر باہر پھینک دیا۔

مرتضی جتوئی کی اہلیہ نے بتایاکہ پولیس کے چھاپے کے وقت گھر میں صرف خواتین موجود تھیں، پولیس کو بتایا بھی لیکن انہوں نے ایک نہیں سنی، پولیس نے خواتین اور بچوں کے ساتھ بدتمیزی کی اور ہراساں کیا۔اہلیہ نے کہاکہ ہمیں پیپلز پارٹی میں شامل نہ ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، جھوٹے مقدمات درج کرکے ہراساں کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی کے خلاف سیاست جرم بنا دیا گیا ہے، ہمارے گھر چھاپہ بہت بڑی ریاستی دہشت گردی ہے، انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ سندھ میں ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لیا جائے۔