Live Updates

این ای238میں ریٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی

بدھ 27 مارچ 2024 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) این اے 238 میں فارم 47میں جعلسازی کرنے پر ریٹرنگ آفیسر فاروق احمد قاضی، ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر الطاف احمد شیخ سمیت دیگر ملوث افسران کے خلاف مقدمہ کے اندارج پر دائر پٹیشن پربدھ کو سماعت ہوئی۔پی ٹی آئی سندھ کے صدر اور این اے 238 پر پی ٹی آئی کے امیدوار حلیم عادل شیخ سینئر قانون داد ایڈووکیٹ محمد اشرف سموں سمیت دیگر وکلا کے ہمراہ پیش ہوئے۔

سماعت ایڈیشنل سیشن جج ڈسٹرکٹ ایسٹ میں ہوئی، ریٹرنگ آفیسر اور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر کی عدم پیشی پر سماعت کل(جمعرات)تک ملتوی کر دی گئی۔حلیم عادل شیخ کے وکیل ایڈووکیٹ محمد اشرف سموں نے کہا کہ ریٹرنگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرنگ آفیسر نے جعلسازی کرتے ہوئے 84 ہزار ووٹ حاصل کرنے والے حلیم عادل شیخ کو ہروا دیا جبکہ 10 ہزار ووٹ لینے والے ایم کیو ایم کے امیدوار کو جتوایا گیا یہ ایک بہت بڑا فراڈ کیا گیا ہے تمام افسران کی نوکریاں بھی جا سکتی ہیں اور سات سال تک سزا بھی ہوسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مینڈیٹ چوری کے خلاف سیکشن 22 اے کی پٹیشن لگائی ہوئی ہے امید ہے کہ جن افسران نے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا ہے ان کو سزائیں ملیں گے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز اسلام آباد کے 6 ججز صاحب نے جو بات کی ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ جس جس کیس میں جسٹس عامر فاروق بیٹھے وہاں ہمیں انصاف نہیں ملا ہے سائفر کیس میں بھی ہمیں عدالتوں میں رلوایا گیا آج پتہ چل گیا جو کچھ ہوا سب پریشر میں آکر کیا گیا عمران خان صاحب سے نا انصافی ہوئی ہے کبھی انہیں غدار بنایا گیا، کبھی بدکردار بنایا گیا ثابت ہوگیا کہ عمران خان کے خلاف ایک بھی سزا نہیں سب جھوٹ پر مبنی کیسز ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ صاحب اگر آپ چاہتے ہیں کہ عوام عدلیہ پر اعتماد کرے تو فوری طور پر سوموٹو ایکشن لیں یہ چھوٹا معاملہ نہیں ہے چھ معزز ججز نے ساری صورتحال جدیشل کونسل کو لکھی ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا 9 مئی کے بعد جو ہمارے ساتھ ہوا ہے سب ناانصافی تھی 200 سے زائد جھوٹے کیسز عمران خان پر بنائے گئے ہمارے لیڈرشپ اور کارکنوں کو جیلوں میں بند کیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ اب خوف کے بت ٹوٹ چکے ہیں قوم پہلے ہی بول رہی تھی آج ججز بھی بول پڑے ہیں، اگر ملک سے رولز آف لا ختم ہوجائے تو ملک آگے نہیں بڑھے گا وکلا کو ملک بچانے کے لئے آگے نکلنا ہوگا۔حلیم عادل شیخ نے کہا ہمارا مینڈیٹ چوری کیا گیا ہے کراچی سے 20 قومی اسمبلی کی 2 حیدرآباد سے نشتیں چوری کی گئی ہیں، 38 صوبائی اسمبلی کی نشستیں ہماری چھینی گئی ہیں تمام نشستوں کے فارم 45 ہمارے پاس موجود ہیں ہم سندھ ہائی کورٹ میں قائم الیکشن ٹریبیونل میں بھی جا چکے ہیں،ملک بھر سے ہماری 183 نشتیں جیتی ہوئی ہیں ہمارے مینڈیٹ پر شب خون مارا گیا ہے ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ ریٹرنگ افسران جوڈیشل سے ہونے چاہیے ہمیں پتہ تھا کہ یہ مینڈیٹ چھینے گے اور کچھ نہیں ہوگا۔

حلیم عادل شیخ نے کہا گزشتہ روز جو کچھ ہوا اب عدلیہ کو انصاف کرنا چاہیے فوری طور پر سپریم جوڈیشل کونسل کا اجلاس بلواکر انصاف کیا جائے عمران خان پر بنائے گئے تمام کیسز ختم کیئے جائیں قانون کے مطابق تمام کیسز چلنے چاہیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات