یہ پارلیمنٹ عوام کی کم اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ نمائندہ ہے

ہمارا کوئی امیدوار ضمنی الیکشن نہیں لڑے گا، مقتدرہ کی اسمبلی نہیں عوامی اسمبلی چلے گی، الیکشن کمیشن کوایک نتیجہ بھی مرتب کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 27 مارچ 2024 19:09

یہ پارلیمنٹ عوام کی کم اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ نمائندہ ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 27 مارچ 2024ء) جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ پارلیمنٹ عوام کی کم اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ نمائندہ ہے، ہمارا کوئی امیدوار ضمنی الیکشن نہیں لڑے گا، مقتدرہ کی اسمبلی نہیں عوامی اسمبلی چلے گی، الیکشن کمیشن کوایک نتیجہ بھی مرتب کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو پیغام میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ عوام کی کم اسٹیبلشمنٹ کی زیادہ نمائندہ ہے، ہمارا کوئی امیدوار ضمنی الیکشن نہیں لڑے گا، 8فروری کے انتخابات کے نتائج کو نہیں مانتے، الیکشن 2018 کے بعد ایک بار پھر 2024 میں عوام کے حق رائے دہی پر شب خون مارا گیا ہے، فیصلے اب ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، مقتدرہ کی اسمبلی نہیں عوامی اسمبلی چلے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن بے بس رہا ہے، الیکشن کمیشن کوایک نتیجہ بھی مرتب کرنے کی اجازت نہیں ہے، ہماری بیوروکریسی کے معاملات میں بھی خفیہ ادارے مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے حوالے سے سربراہ جے یو آئی ف نے کہا کہ ہائیکورٹ ججزکہہ رہے ہیں کہ ہمارے معاملات میں مداخلت ہورہی ہے اور خواجہ آصف نے ماضی کے دریچوں سے پردہ اٹھایا ہے۔

ہم نے عوام کی طرف جانے کا فیصلہ کیا ہے، عوام کو اعتماد میں لیں گے تاکہ وہ اپنے ووٹ کے حق کیلئے متحد ہوسکیں۔ مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ملک بھر میں بھرپور عوامی اجتماعات کا انعقاد کریں گے اور ان اجتماعات کا عنوان ’عوام اسمبلی‘ ہوگا، اس تحریک میں اپوزیشن جماعتوں کو بھی ساتھ ملائیں گے تاکہ عوامی صفوں کو متحد کرسکیں، عوامی تحریک کا مقصد عوام کو ووٹ کیلئے متحد کرکے ان کو ووٹ کے تحفظ کے قابل بنانا ہے۔

انہوں نے کہا انشاءاللہ اب رمضان کے بعد تحریک چلے گی، فیصلے اب ایوان میں نہیں میدان میں ہوں گے، مقتدرہ کی اسمبلی نہیں عوامی اسمبلی چلے گی۔ جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ 25 اپریل کو بلوچستان سے تحریک کا آغاز کریں گے، اجتماعات کو عوامی اسمبلی کا نام دیتے ہیں، 25 اپریل کو پشین میں بڑا جلسہ کیا جائے گا جس میں بلوچستان بھر سے عوام شریک ہوں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 2 مئی کو کراچی میں عوامی اسمبلی کا انعقاد ہوگا، سندھ بھر سے عوام شریک ہوں گے، 9 مئی کو پشاور میں عوامی اسمبلی منعقد ہو گی اور اس میں خیبرپختونخواہ کے عوام شریک ہوں گے، پشاور جلسے کے بعد لاہور کیلئے تاریخ کا تعین کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سب جانتے ہیں کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی مرکزی مجلس عاملہ نے 8 فروری 2024 کے نتائج کو مسترد کردیا تھا۔ جے یو آئی کا کوئی امیدوار ضمنی انتخابات میں حصہ نہیں لے گا، ملک کو حقیقی اسلامی فلاحی و جمہوری ریاست بنانے کیلئے بھرپور جدوجہد کریں گے۔