علاقائی تنازعات حل کئے بغیر خطے میں امن ،خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا،اسحاق ڈار

سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے، ماسکو ،بشام حملے یاد دلاتے ہیں دہشت گردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، پاکستان دنیا کے امن کیلئے بین المالک شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، وزیر خارجہ کا افطار ڈنر سے خطاب

بدھ 27 مارچ 2024 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ علاقائی تنازعات حل کئے بغیر خطے میں امن ،خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے، ماسکو اور بشام میں ہونیوالے حملے یاد دلاتے ہیں کہ دہشت گردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے، پاکستان دنیا کے امن کیلئے بین المالک شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد کی سفارتی برادری کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریب کا مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا اور رواداری کے پیغام کو آگے بڑھانا ہے، وزیراعظم پاکستان کو وزارت خارجہ میں افطار ڈنر میں خوش آمدید کہنا باعث اعزاز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افطار ڈنر میں سفارتی برادری کی شرکت پر شکر گزار ہوں، دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے رمضان المبارک کے مقدس مہینہ کی خاص مذہبی اور سماجی اہمیت ہے، ہم آہنگی اور مشترکہ سوچ کیلئے بات چیت اور تعاون اہم ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی امن، مساوات اور انصاف کے اصولوں پر مبنی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کثیرجہتی، امن، ترقی اور باہمی خوشحالی کا علمبردار رہے گا، پاکستان 2025 ء اور 2026ء کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی غیر مستقل نشست کیلئے امیدوار ہے، ایشیا پیسفک گروپ کے ممالک نے اس سلسلے میں پاکستان کی حمایت کی ہے، پاکستان کی حمایت پر ہم ان ممالک کے بے حد مشکور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی امن اور سلامتی کو برقرار رکھنے کیلئے کونسل کے مینڈیٹ کو فروغ دے گا، رمضان المبارک کے مہینے میں ہمیں غزہ کے مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے، غزہ کے مسلمانوں کو گزشتہ چھ ماہ سے بھوک اور جنگ کا سامنا ہے، غزہ میں فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کا وقت آ گیا ہے، جنگ بندی کا مطالبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی تنازعات کے حل کے بغیر خطے میں امن اور خوشحالی خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر فلسطین اور کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کو حل کیا جائے، ماسکو میں اور بشام میں ہونے والے حملے یاد دلاتے ہیں کہ دہشت گردی پوری دنیا کیلئے خطرہ ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اس خطرے سے نمٹنے کیلئے علاقائی اور عالمی شراکت داری کو فروغ دیتا رہے گا، امن کی جیت تک دہشت گردی کے خلاف ہماری جنگ ختم نہیں ہوگی، ہمارے پاس اقوام کے درمیان مکالمے اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے کا ایک منفرد موقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا کے امن کیلئے بین المالک شراکت داری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے۔