خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن مخصوص نشستوں پر حلف سے مشروط

صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کے حلف نہ لینے پر سینیٹ انتخاب ملتوی کردیئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن نے فیصلہ سنادیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 15:49

خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن مخصوص نشستوں پر حلف سے مشروط
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخواہ میں سینیٹ الیکشن مخصوص نشستوں پر حلف سے مشروط کردئیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کی صوبائی اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے کامیاب امیدواروں کے حلف نہ لینے کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلی سے سینیٹ انتخاب ملتوی کرنے کا شارہ دے دیا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے سے متعلق محفوظ شدہ فیصلہ جاری کردیا۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ 7 صفحات پر مشتمل ہے، جس ای سی پی کا کہنا ہے کہ اراکین سے حلف نہ لیا تو الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا سے سینیٹ انتخابات کی تکمیل بعد میں بھی کرسکتا ہے، اگر پشاور ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے پر مجبورہوں گے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب سے سینیٹ الیکشن کے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی، ٹیکنو کریٹ کی نشست پر وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، مسلم لیگ ن کے رہنما مصدق ملک اور ڈاکٹر یاسمین راشد مد مقابل ہوں گے، خواتین کی 2 مخصوص نشستوں پر 4 امیدوار مد مقابل ہیں، جن میں مسلم لیگ ن کی انوشے رحمان، بشریٰ انجم بٹ، پیپلز پارٹی کی فائزہ احمد اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کی امیدوار صنم جاوید شامل ہیں جب کہ اقلیتی نشست پر لیگی رہنماء خلیل طاہر سندھو اور پی ٹی آئی کی حمایت سے سنی اتحاد کونسل کے آصف عاشق مد مقابل ہوں گے۔

معلوم ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب نے جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کےنوٹی فکیشن بھی جاری کردیئے ہیں، مسلم لیگ ن کے 5 اور سنی اتحاد کونسل کے 2 سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے پرویز رشید، احد چیمہ اور ناصر بٹ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے، جنرل نشست پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والوں میں ن لیگ کے طلال چوہدری بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار پی ٹی آئی رہنماء ایڈوکیٹ حامد خان اور سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس بھی سینیٹر منتخب ہوگئے۔