اینٹی کرپشن عدالت نے پرویزالٰہی اورمحمد خان بھٹی کو فرد جرم عائد کرنے کیلئے 4اپریل کو طلب کرلیا

عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 13:11

اینٹی کرپشن عدالت نے پرویزالٰہی اورمحمد خان بھٹی کو فرد جرم عائد کرنے ..
ٹوبہ ٹیک سنگھ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الٰہی اور سابق پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی سمیت دیگر ملزموں کو پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے مقدمہ میں فرد جرم عائد کیلئے 4 اپریل کو طلب کر لیا ،جج ارشد حسین بھٹہ نے گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کردیا۔عدالت نے فیصلے میں لکھا کہ سینٹرل جیل راولپنڈی نے پرویز الٰہی کی میڈیکل رپورٹس جمع کروائیں۔

17 مارچ کو رہنما تحریک انصاف واش روم میں گر گئے، گرنے سے پرویز الٰہی کی پسلی فریکچر ہوئی تھی۔ تحریری حکم میں بتایا گیا کہ میڈیکل افسر نے پرویز الٰہی کو دو ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے۔ پرویز الٰہی کو عدالت پیش نہیں کیاگیا۔ اسی وجہ سے فرد جرم عائد نہیں ہوسکی۔

(جاری ہے)

عدالتی حکم میں مزید لکھا گیا کہ میڈیکل افسر نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دو ہفتوں کے آرام کا مشورہ دیا ہے، ملزم کو عدالت پیش نہ کیا گیا جس کے باعث فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءاور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کے اڈیالہ جیل میں گرنے سے زخمی ہونے کی تفصیلی میڈیکل رپورٹ دو روز قبل منظر عام پر آگئی تھی جس کے مطابق ان کی چار پسلیاں ٹوٹ گئی تھیں۔میڈیکل رپورٹ کے مطابق پرویزالٰہ کے ایکسرے لئے گئے جن میں پسلیوں میں فریکچر سامنے آیا تھا۔رپورٹ میں مزید بتایا گیاتھا کہ واش روم میں گرنے سے پرویز الٰہی کے ماتھے پر بھی چوٹ آئی ہے، ان کے سر پر بائیں طرف نیل اور چوٹ کا نشان موجود تھاجبکہ ان کی بائیں آنکھ کے قریب اور بائیں بازو پر بھی چوٹ لگی جبکہ چھاتی کا دائیاں حصہ سوجا ہوا تھا۔

پرویزالٰہی کا بائیاں گھٹنا بھی زخمی ہوا تھا۔پرویز الٰہی کا چیک ایپ پمز اسلام آباد اور بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹرز نے کیاتھا جن میں جنرل سرجن، ماہر کارڈیولوجسٹ اور آرتھوپیڈک شامل تھے۔ڈاکٹروں کی جانب سے میڈیکل رپورٹ میں پرویز الٰہی کو دو ہفتے آرام کا مشورہ دیاگیا تھا۔