بلوچستان سے سینیٹ کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے

بلوچستان سے سینیٹ کی 7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹ اور 2 خواتین کی نشستوں پر تمام امیدوار بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں،الیکشن کمیشن

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 29 مارچ 2024 16:44

بلوچستان سے سینیٹ کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔29 مارچ2024 ء) بلوچستان سے سینیٹ کی تمام 11نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے،الیکشن کمیشن کے مطابق بلوچستان سے سینیٹ کی 7 جنرل، 2 ٹیکنوکریٹ اور 2 خواتین کی نشستوں پر تمام امیدوار بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان سے سینیٹ کے امیدواروں کی کامیابی سے متعلق فارم 55 جاری کر دئیے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والوں میں سابق نگراں وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ، اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان، مسلم لیگ ن کے سید ال ناصر اور آغا شاہ زیب درانی شامل ہیں۔ٹیکنوکریٹ کی نشستوں پر جے یو آئی کے مولانا عبدالواسع اور پیپلز پارٹی کے بلال مندوخیل بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان سے خواتین کی 2 نشستوں پر مسلم لیگ ن کی راحت جمالی اور پیپلز پارٹی کی حسنہ بی بی بلامقابلہ کامیاب ہوئی ہیں۔پیپلز پارٹی کے سردار عمر گورگیج، نیشنل پارٹی کے جان بلیدی اور جے یو آئی کے احمد خان بھی جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہونے والوں میں شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق سینٹ کے 33 میں سے 20 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لئے،سینٹ کے 2 امیدوار مد مقابل امدواروں کے حق میں ریٹائر ہو گئے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے پنجاب میں سینیٹ کی 7 جنرل سیٹوں پر بلا مقابلہ کامیاب ہونے والے امیدواروں کا اعلان کیا تھا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی اتحاد کے 5 جبکہ سنی اتحاد کونسل کے حمایت یافتہ 2 امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے۔الیکشن کمیشن پنجاب نے سینیٹ کی 7 جنرل نشستوں پر بلا مقابلہ منتخب ہونے والے امیدواروں کا باقاعدہ اعلان کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، پرویز رشید، احد چیمہ، طلال چوہدری اور ناصر بٹ بلا مقابلہ سینیٹر منتخب ہو گئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے حامد خان اور علامہ راجہ ناصرعباس بلا مقابلہ سینیٹر بن گئے تھے۔