آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی کے ایوان میں موجودگی سے شہید بینظیر بھٹو کے عکس کی موجودگی محسوس ہوگی،انجینئر ہادی عسکری

اتوار 31 مارچ 2024 16:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 مارچ2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدرانجینئر ہادی عسکری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 207سے بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر آصف بھٹو زرداری اور بلوچستان سے بلامقابلہ منتخب ہونے والے سینیٹرز سردار عمر گورگیج ،شیخ بلال مندوخیل اوردیگرکو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نومنتخب سینیٹرز ایوان بالا میں بلوچستان کی بہتر انداز میں نمائندگی کرتے ہوئے صوبے کو درپیش مسائل کے حل میں اپنا کرداراداکریں گے ۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انجینئر ہادی عسکری نے آصفہ بھٹو زرداری کو بلامقابلہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکبادپیش کرتے ہوئے کہا کہ آصفہ بھٹو زرداری کی قومی اسمبلی کے ایوان میں موجودگی سے شہید بینظیر بھٹو کے عکس کی موجودگی محسوس ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ آصفہ بھٹو قومی اسمبلی میں اپنی شہید والدہ کی آواز بنیں گی اورجمہوری اداروں کی مظبوطی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریںگی۔

انہوں نے کہاکہ آصفہ بھٹو زرداری کی بلامقابلہ کامیابی عوام کا پیپلزپارٹی کی کارکردگی پر اعتماد ہے۔انہوں نے بلوچستان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹر سردارعمر گورگیج ،شیخ بلال مندوخیل اوردیگر کو بلامقابلہ منتخب ہونے پرمبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی سیاسی جماعتوں نے بات چیت کے ذریعے بلوچستان سے تمام سینیٹرزکو بلامقابلہ منتخب کرکے ایک احسن اقدام اٹھایاہے اسی طرح پارلیمانی سیاسی جماعتیں ملکر صوبے کے مسائل کے حل میں بھی اپنا کردارادا کریں۔ انہوں نے نومنتخب سینیٹرز ایوان بالامیں بلوچستان کی نمائندگی کرتے ہوئے صوبے کے مسائل کو نہ صرف اجاگر کریں گے بلکہ انکے حل میں بھی اپناکرداراداکریں گے۔