Live Updates

آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے. علی امین گنڈاپور

90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں، جو نہیں کرائے گئے‘ یہ سارا نظام ایک روز بے نقاب ہو گا .وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 2 اپریل 2024 15:39

آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو ..
پشاور/اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02 اپریل۔2024 ) وزیر اعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کے پی میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے مخصوص نشستوں پر منتخب ارکان نے غیر قانونی طور پر الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست دی. پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی چیئرمین نے ایک بات سکھائی کہ ہم لڑیں گے، 25 ارکان کو الیکشن کمیشن نے غیر قانونی طور پر نشستیں دی ہیں انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا ہے، آئین کی پاسداری پاکستان کے ہر شہری پر فرض ہے، ملک میں بار بار آئین کو توڑا جا رہا ہے.

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ آئین میں 90 روز میں انتخابات کرانا ہوتے ہیں، جو نہیں کرائے گئے، ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن کو متنازع بنا کر نشان چھین لیاگیا، مخصوص نشستیں چھین لی گئیں ان کا کہنا تھا کہ یہ سارا نظام ایک روز بے نقاب ہو گا کہ کس طرح سے ہماری سیٹیں کسی اور جماعت کو دے دی گئیں؟ میں واضح طور پر کہہ رہاہوں، ہم اس چیز کا مقابلہ کریں گے.

وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم آخری حد تک جائیں گے، ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، مقابلہ کریں گے، غیر قانونی طور پر ارکان بننے والوں کو حلف نہیں لینے دیں گے، ہم کسی طور پر اپنے آئینی حقوق پر سمجھوتا نہیں کریں گے انہوں نے کہا کہ آئین کے تحفظ کے لیے ہر اقدام کریں گے، 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن کیوں نہیں بنایا گیا؟ سائفر پر ابھی تک کیوں جوڈیشل کمیشن نہیں بنایا گیا؟ 6 ججز کے خط پر فل کورٹ کیوں نہیں بنایا جا رہا ہے؟.

وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم ان غیر قانونی لوگوں کو حلف نہیں اٹھانے دیں گے، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق قرار داد پاس کریں گے. پنجاب اسمبلی میں قائدحزب اختلاف احمد خان بھچرنے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں سینیٹ الیکشن ہو رہا ہے، کے پی میں ملتوی کر دیا گیا، جس سے سینیٹ الیکشن اور الیکشن کمیشن کی ساکھ کا پتہ چل گیا .

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ جج صاحبان کے خط پر ہمارا مطالبہ ہے کہ لارجر بینچ بنایا جائے، بانی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو رہا کیے بغیر کوئی چارہ نہیں ہے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد خان بھچر نے کہا کہ ہم حق اور سچ کی لڑائی لڑ رہے ہیں، اب سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے. انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے ساتھ انصاف ہو، ہمارے پاس اب پ±رامن احتجاج کے سوا کوئی چارہ نہیں، عید کے بعد پر امن احتجاج اور لانگ مارچ کریں گے انہوں نے کہا کہ پولیس نے ہمارے 2 اراکین پنجاب اسمبلی کی فیکٹریاں بند کر دیں، مریم بی بی کا بجلی کے 300 یونٹ مفت دینے کا وعدہ کدھر گیا؟.

قبل ازیں الیکشن کمیشن پاکستان نے خیبر پختونخوا میں سینیٹ انتخابات تا حکم ثانی ملتوی کر دیے تھے الیکشن کمیشن کے مطابق اپوزیشن اراکین نے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تھی جس کو منظور کرتے ہوئے انتخابات ملتوی کیے گئے ہیں. الیکشن کمیشن نے خیبر پختون خوا میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری آرڈر جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکرخیبر پختون خوا اسمبلی سے مخصوص نشستوں کے ممبران نے حلف برداری کے لیے رابطہ کیا مگر انہوں نے ارکان کی حلف برداری کے انتظامات نہیں کیے الیکشن کمیشن کے تحریری آرڈر کے مطابق خیبر پختون خوا کی حد تک سینیٹ الیکشن ملتوی کیا جاتا ہے.

الیکشن کمیشن نے ہدایت دیں کہ خیبر پختون خوا اسمبلی میں ممبران کی حلف برداری کے لیے انتظامات کیے جائیں، خیبر پختون خوا اسمبلی میں سینیٹ الیکشن کے لیے الیکٹورل کالج مکمل نہیں دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کے پی میں سینیٹ الیکشن ملتوی نہیں کرنا چاہیے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم آزاد امیدوار نہیں ہیں، سنی اتحاد کونسل میں باقاعدہ شامل ہوئے تھے انہوں نے کہا کہ 720 صفحات کی دستاویزات میں نے الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی مخصوص نشستوں پر جو پارٹی اسٹرکچر دیا تھا اس میں سنی اتحاد کونسل کا نام تھا، اسپیکر کا یہ قرار دینا کہ ہم آزاد ہیں مناسب نہیں.

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں اپوزیشن کی 17 سیٹیں ہیں اور وہ 30 سیٹیں اور مانگ رہی ہے آرٹیکل 51 کے مطابق کسی بھی جماعت کو اس کی جیتی ہوئی سیٹوں سے زیادہ سیٹیں نہیں دیں گے.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات