قومی و صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ضمنی انتخاب کیلئےضروری انتخابی مواد صوبائی الیکشن کمشنرز کو مہیا کر دیا ہے، ترجمان الیکشن کمیشن

منگل 2 اپریل 2024 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 اپریل2024ء) قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی خالی نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے الیکشن کمیشن نے ضروری انتخابی مواد صوبائی الیکشن کمشنرز کو مہیا کر دیا ہے جبکہ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کے پُر امن انعقادکے لئے ورزارت داخلہ ، دفاع اور صوبائی لاء انفورسنگ ایجنسز سے رابطے میں ہے۔

منگل کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے 13 مارچ 2024 کو قومی اسمبلی کی 6، صوبائی اسمبلی پنجاب کی 12، خیبر پختونخوا اسمبلی کی 2، صوبائی اسمبلی سندھ کی1 اور بلوچستان اسمبلی کی 2نشستوں پرضمنی انتخابات کے انعقاد کے لئے الیکشن پروگرام کانوٹیفکیشن کیا۔ ان ضمنی انتخابات میں کل 239 امیدواران حصہ لے رہے ہیں جن میں قومی اسمبلی کی نشستوں کے لئے 50 امیدواران مد مقابل ہیں جبکہ این اے 207 پر آصفہ بھٹو زرداری بلا مقابلہ کامیاب ہوئیں ۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا کی خالی نشستوں پر 23 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں ، پنجاب میں 154 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ، سندھ اسمبلی کی پی ایس 80 دادو پر امیدوار زبیر احمد جونیجو بلا مقابلہ کامیاب ہوئے۔ بلوچستان اسمبلی کی خالی نشستوں پر 12 امیدوار وں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ الیکشن کے انعقاد کے لئے الیکشن کمیشن نے ضروری الیکشن میٹریل صوبائی الیکشن کمشنروں کو مہیا کر دیا ہے ۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران اور ریٹرننگ افسران الیکشن شیڈول کے مطابق اپنا کام مکمل کر رہے ہیں۔ مورخہ 30مارچ 2024 کو ریٹرننگ افسروں کی طرف سے امیدواروں کی حتمی فہرستوں کی اشاعت کے ساتھ ہی بیلٹ پیپر وں کی پرنٹنگ کے کام کا آغاز کیا جا رہا ہے ۔ تاکہ بیلٹ پیپروں کی بروقت پرٹننگ و ترسیل کو یقینی بنایا جائے ۔ الیکشن کمیشن ضمنی انتخابات کے پُر امن انعقادکے لئے ورزارت داخلہ ، دفاع اور صوبائی لاء انفورسنگ ایجنسز سے رابطے میں ہے۔