تعلیمی سسٹم اور طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھلواڑ نہیں کرنے دیا جائے گا‘ رانا سکندر حیات

بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے سے آغاز کیا ،مافیا کو بالکل رعایت نہیں دی جائے گی،ابھی دیگر کے نام بھی سامنے آئیں گے

منگل 2 اپریل 2024 18:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اپریل2024ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے ایجوکیشن سیکٹر کی جس قدر خدمت کی وہ مضبوط بوٹی مافیا نیٹ ورک کی صورت میں ہمارے سامنے ہے، مراد راس اور ان کی حکومت کی نام نہاد مہارات نے ہمارے طالبعلموں کو ایسا تعلیمی سسٹم دیا جو انہیں شارٹ کٹ راستے بتا رہا ہے، دوسری جانب طلبہ کا مستقبل خریدنے والے عناصر کو بھی دائرہ وسیع کرنے سے نہیں روکا گیا۔

پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے اپوزیشن کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ جو لوگ یہ کہہ رہے ہیں کہ (ن) لیگ کی حکومت نے تعلیمی بجٹ بزدار دور سے کم رکھا ہے وہ میرے ساتھ بیٹھ جائیں اعداد و شمار کے ساتھ ان کی تسلی کرواں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے ارادے اور ویژن اپوزیشن والوں سے بڑے اور نیت صاف ہے۔ تعلیمی بجٹ پر کٹ موشن لانے اور تعلیمی منصوبوں کو حذف کرنے کے مطالبے اپوزیشن کے نزدیک تعلیم کی اہمیت کو بخوبی آشکار کر رہے ہیں۔

میڈیا نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ اپوزیشن نے 2018 کے بعد حکومت میں آتے ہی ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ اور فنڈز کو کٹ لگا کر آدھا کیا اور اسے 120 ارب سے کم کر کے 60 ارب پر لے گئے۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ اپوزیشن دعوی کرتی ہے کہ اس نے اپنے دور میں تعلیم کیلئے زیادہ بجٹ رکھا۔ انہیں واضح کرتا ہوں کہ جس بجٹ کو وہ 350 ارب پر چھوڑ کر گئے تھے ہم نے ابتدا میں ہی اسے 422 بلین مختص کیا یے۔

وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی ترقی کے دعویداروں نے 6 سال میں ایک ٹیچر بھی بھرتی نہیں کیا۔ سٹوڈنٹ ٹیچر ریشو خراب کی۔ پنجاب میں 600 ادارے ایسے ہیں جہاں ٹیچر ہی دستیاب نہیں۔ کیا اپوزیشن کے وزیر تعلیم اور بزدار صاحب تب سوتے رہے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ مراد راس کی سربراہی میں سنگل نیشنل کریکولم کے دعوے بہت کئے گئے مگر عملا وقت ضائع کیا گیا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیمی سسٹم اور طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کسی کو کھلواڑ نہیں کرنے دیا جائے گا۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ ہم نے بڑے مگرمچھوں پر ہاتھ ڈالنے سے آغاز کیا ہے۔ ابھی ایسے دیگر مچھلیوں کے بھی نام سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مافیا کو بالکل رعایت نہیں دی جائے گی۔