سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی نظرثانی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری

منگل 2 اپریل 2024 22:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2024ء ) سابق ایم ڈی پی ٹی وی عطا الحق قاسمی نظرثانی کیس کا تفصیلی فیصلہ جاری کردیاہے جس میں عطا الحق قاسمی،اسحاق ڈار،پرویز رشید اور فواد حسن فواد کی نظرثانی درخواستیں منظور کرلی ہیں اور سپریم کورٹ نے عطا الحق قاسمی کی تقرری کالعدم قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا،چیف جسٹس قاضی فائزعیسیی کی سربراہی میں تین رکنی سپریم کورٹ بنچ کی جانب سے جاری تفصیلی فیصلے میں کہاگیاہے کہ کرپشن یا اقربا پروری کا کوئی ثبوت نہیں ملا،فیصلہ پانچ صفحات پرمشتمل ہے جس میں مزیدکہاگیاہے کہ پی ٹی وی کو 19 کروڑ سے زائد کا نقصان ہونے کے شواہد نہیں ہیں،عطا الحق قاسمی، پرویز رشید، اسحاق ڈار، فواد حسن فواد سے رقم وصول کرنے کا فیصلہ درست نہیں، مستقبل میں عطا الحق قاسمی کی بطور ڈائریکٹر تقرری پر پابندی بھی ختم کی جاتی ہے،پی ٹی وی وکیل نے تسلیم کیا عدالت کا 19 کروڑ سے زائد نقصان کی طے کردہ رقم کا تعین درست نہیں،سابق چیف میاں ثاقب نثار نے عطاالحق قاسمی کی تقرری کیخلاف ازخود نوٹس لیا تھا۔

(جاری ہے)

8نومبر2018کے فیصلے میں عطا الحق قاسمی کوپچاس فیصد،اسحاق ڈاربیس فیصد،،پرویز رشید بیس فیصداور فواد حسن فوادکولی گئی رقم میں سے د س فیصدجمع کرانے کاحکم دیاگیاتھاجس کے خلاف نظرثانی کی اپیلیں دائرکی گئی تھیں۔پی ٹی وی کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں بھی سپریم کورٹ کے دوہزار اٹھارہ کے فیصلے کے حوالے سے کہاگیاتھاکہ وہ اس فیصلے سے اتفاق نہیں کرتے جس پر سپریم کورٹ نے نظرثانی کی اپیلیں منظورکرلی تھیں۔