Live Updates

میرپور خاص میں آسمانی بجلی گرنے کے خوفناک واقعات

2 مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی جمعرات 21 اگست 2025 22:54

میرپور خاص میں آسمانی بجلی گرنے کے خوفناک واقعات
میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2025ء) میرپور خاص میں آسمانی بجلی گرنے کے خوفناک واقعات، 2 مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے باعث متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ کے ضلع میرپور خاص میں جمعرات کے روز آسمانی بجلی گرنے کے 2 تشویش ناک واقعات رونما ہوئے۔ میرپور خاص کے 2 مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے جن کے نتیجے میں آخری اطلاعات تک 6 افراد جاں بحق ہونے اور متعداد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ میرپورخاص میں بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری رہا جس کے باعث شہری اور دیہی دونوں علاقے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ مسلسل بارش کے نتیجے میں شہر کے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں جبکہ کئی مقامات پر گھروں میں بھی پانی داخل ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

شہری علاقوں میں اسماعیل شاہ کالونی، ایوب نگر، مہاجر کالونی، ہیرآباد سمیت متعدد محلوں میں گلیاں اور مکانات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، جس کی وجہ سے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

دوسری جانب دیہی علاقوں کی صورتحال بھی نہایت سنگین ہے۔ یونین کونسل ترک علی مری، سندھڑی، گوٹھ پیر بخش، نواب نور احمد گوٹھ، کولہی گوٹھ اور اطراف کے دیہات میں کچے مکانات زمین بوس ہوگئے ہیں، جس سے متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ شہر کے مختلف حصوں میں بارش کے باعث درخت اور بجلی کے پولز گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے سبب اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔

بجلی کا نظام بھی معطل ہونے سے شہری اندھیروں میں گھرے ہوئے ہیں۔ بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے کے باعث شہریوں کو آمد و رفت، کاروبار اور روزمرہ کے امور نمٹانے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں، جبکہ متاثرہ مکانات اور بجلی کی بندش نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات