صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک بار پھر 2 ہزار روپے کا بڑا اضافہ ہوگیا

فی تولہ سونے کی نئی قیمت بڑھ کر 3 لاکھ 57 ہزار 200 روپے کی سطح پر پہنچ گئی، 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 715 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 21 اگست 2025 20:27

صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں ایک بار پھر 2 ہزار روپے کا ..
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے۔ 21 اگست 2025ء ) عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، عالمی منڈی میں سونے کے نرخ بڑھنے پر پاکستان میں بھی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوگیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہونے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ بڑے اضافے کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت بلند ترین سطح پرپہنچ گئی ہے۔

آج ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 2 ہزار روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کے باعث فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں نئی قیمت 3 لاکھ 57 ہزار 200 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے۔ 10 گرام سونے کی قیمت میں ایک ہزار 715 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

نئی قیمت 3 لاکھ 6 ہزار 241 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 20 ڈالرز فی اونس اضافے کے بعد 3 ہزار 345 ڈالرز فی اونس ہو گئی ہے۔ یاد رہے ملک کی صرافہ مارکیٹوں میں گزشتہ دو روز میں سونے کی فی تولہ قیمت میں 2 ہزار 500 روپے کمی ہوگئی ہے۔ دوسری جانب ملکی اوپن مارکیٹ میں غیر ملکی کرنسیوں کے نئے ریٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔ امریکی ڈالر 283 روپے 07 پیسے میں خریدا اور 285 روپے 07 پیسے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ یورو 324 روپے 05 پیسے خرید اور 327 روپے 05 پیسے فروخت پر دستیاب ہے۔

اسی طرح سعودی ریال کی خرید قیمت 75 روپے 06 پیسے اور فروخت 76 روپے 03 پیسے رہی۔ اماراتی درہم 77 روپے 03 پیسے میں خریدا اور 78 روپے 05 پیسے میں فروخت ہو رہا ہے۔آسٹریلین ڈالر 182 روپے میں خریدا اور 187 روپے میں فروخت کیا گیا۔ چین کا یوان 38 روپے 85 پیسے میں خرید اور 39 روپے 25 پیسے میں فروخت پر دستیاب رہا۔کویتی دینار کی قیمت خرید 914 روپے 08 پیسے اور فروخت 924 روپے 08 پیسے رہی۔ کینیڈین ڈالر 205 روپے خرید اور 210 روپے فروخت پر دستیاب رہا۔ اسی طرح قطری ریال کی خرید 76 روپے 81 پیسے اور فروخت 77 روپے 51 پیسے رہی جبکہ عمانی ریال 734 روپے 95 پیسے میں خرید اور 743 روپے 95 پیسے میں فروخت کیا گیا۔