Live Updates

خوفناک تباہی کا نشانہ بننے والے خیبرپختونخواہ میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی

شدید بارشوں، فلیش فلڈ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا

muhammad ali محمد علی جمعہ 22 اگست 2025 00:05

خوفناک تباہی کا نشانہ بننے والے خیبرپختونخواہ میں مزید طوفانی بارشوں ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست2025ء) خوفناک تباہی کا نشانہ بننے والے خیبرپختونخواہ میں مزید طوفانی بارشوں کی پیشن گوئی، شدید بارشوں، فلیش فلڈ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع میں 23 سے 26 اگست تک شدید بارشوں، فلیش فلڈ، اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔

محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہواؤں کے مضبوط سلسلے کے ساتھ مغربی ہواؤں کا بھی داخلہ متوقع ہے جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بعض مقامات پر موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ چترال، سوات، دیر، کوہستان، ملاکنڈ، ہزارہ، پشاور ویلی، ضم اضلاع، جنوبی اضلاع اور ڈیرہ اسماعیل خان ممکنہ طور پر متاثر ہوسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلا دھار بارشوں سے مقامی ندی نالوں میں طغیانی، پشاور، نوشہرہ، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں اربن فلڈ جبکہ ایبٹ آباد، بٹگرام، شانگلہ اور کوہستان کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی صفائی، ریسکیو اداروں کی پیشگی تعیناتی، ضروری اشیاء کا ذخیرہ اور آگاہی یقینی بنائی جائے۔

اسی طرح سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پہاڑی اور سیلابی علاقوں کا سفر نہ کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔ دوسری جانب صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی خیبرپختونخواہ نے بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں اب تک ہونے والے جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے پی کےرپورٹ کے مطابق خیبر پختونخواہ میں مجموعی اموات کی تعداد 427تک پہنچ گئی ، صوابی میں مزید 12 لاشیں ملنے کے بعد مجموعی اموات 42جبکہ بونیر میں ایک لاش ملنے کے بعد مجموعی ہلاکتیں 291 ہوگئیں۔

پی ڈی ایم اے کے پی کے رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 321 مرد، 60 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 182 مرد، 45 بچے اور 43 خواتین شامل ہیں۔ پی ڈی ایم اے حکام کا کہنا ہے کہ بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث 1398 گھر وں کو نقصان پہنچا، جس میں 1030 گھروں کو جزوی اور 368 گھر مکمل منہدم ہوئے۔ بونیر میں جاں بحق افراد کی تعداد 228 اور صوابی میں 41 ہو گئی، یہ حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع سوات، بونیر ، باجوڑ، مانسہرہ، شانگلہ ،دیر لویر اور بٹگرام، صوابی میں پیش آئے۔

پی ڈی ایم اے کے پی کے کے مطابق متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے اور متاثرین کو فوری معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیبرپختونخواہ میں کلائوڈ برسٹ اورسیلاب کے بعد امدادی کارروائیاں جاری ہیں، متاثرہ علاقوں میں ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔ صوابی کے علاقے دالوڑی میں کلاڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی کے بعد ریسکیو 1122 کا سرچ آپریشن مکمل ہوگیا، دالوڑی میں ملبے سے آج مزید 12 لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد اموات 42تک جاپہنچیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات