oکمیشن کے بینچ نے 12پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخاب کے نتائج تک حلقے سے کامیاب قراردیئے جانے والے نواز لیگ کے امیدوار عبدالخالق کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو معطل کردیا،عوامی نیشنل پارٹی

منگل 2 اپریل 2024 23:15

ہ*کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 اپریل2024ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق اچکزئی کی رکن اسمبلی کی حیثیت سے کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو معطل کیا ہے۔ان کی رکن اسمبلی کی حیثیت سے کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی ۔ 51 چمن کے 12پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخاب کرانے کے حکم کے باعث معطل کیا گیا۔

اس حلقے کے نتائج کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار اصغر خان اچکزئی ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے امیدوار اباسین خان سمیت تین امیدواروں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا ۔الیکشن کمیشن کے اراکین نثار احمد درانی اور بابر حسن بھروانہ پر مشتمل بینچ نے ان کی درخواستوں پراپنے فیصلے میں کہا کہ اس حلقے کے بعض پولنگ اسٹیشنوں کے ریکارڈ سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ان میں سے بعض پر ٹرن آئوٹ 90فیصد سے زیادہ ہے جبکہ بعض پر اس بھی زیادہ ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے بینچ نے کہا کہ بہت ہی زیادہ اور غیر فطری ٹرن آئوٹ درخواست دہندگان کے اس موقف کو تقویت دیتا ہے کہ قانون کے برعکس اقدامات اور بے قاعدگیاں ہوئی ہیں جن کے باعث حلقے کے نتائج پر اثر پڑا ہے ۔الیکشن کمیشن نے حلقے کے 12پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج کو منسوخ کرتے ہوئے ان پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ۔کمیشن کے بینچ نے 12پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ انتخاب کے نتائج تک حلقے سے کامیاب قراردیئے جانے والے نواز لیگ کے امیدوار عبدالخالق کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو معطل کردیا۔خیال رہیکہ پیپلز پارٹی اور نواز لیگ کے درمیان حکومت سازی کے فارمولے کے تحت نواز لیگ سے کیپٹن ریٹائرڈ عبدالخالق بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔