سرینگر ، قابض بھارتی انتظامیہ نے تاریخی جامع مسجد سیل کر دی، میر واعظ گھر میں نظر بند

جمعہ 5 اپریل 2024 21:03

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے آج جمعتہ الوداع کے موقع پر سرینگر کی تاریخی جامع مسجد سیل کرکے کشمیری مسلمانوں کو مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو بھی سرینگر میں گھر میں نظر بند کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف جامع مسجدنے ایک بیان میں کہا کہ ضلعی مجسٹریٹ سرینگر اور پولیس حکام نے آج( جمعہ) صبح سویرے انجمن کو مطلع کیا کہ آج مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں ہے اور مسجد مکمل طور پر بند رکھی جائے۔ انجمن اوقاف نے بیان میں مزید کہا کہ میر واعظ عمر فاروق کو بھی سرینگر کے علاقے نگین میں ان کی رہائش گاہ پر نظر بند کر دیا گیا ہے۔قابض بھارتی انتظامیہ نے جامع مسجد کے اطراف میں بڑی تعداد میں بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے ہیں۔