Live Updates

معیشت سے متعلق مثبت خبریں آ رہی ہیں، مہنگائی میں بھی کمی آئے گی، عطا تارڑ

ہماری حکومت آنے سے کاروباری افراد میں اعتماد بحال ہوا، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا لیکن کچھ عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 6 اپریل 2024 13:22

معیشت سے متعلق مثبت خبریں آ رہی ہیں، مہنگائی میں بھی کمی آئے گی، عطا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اپریل 2024ء ) وفاقی وزیرِ اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ ہر طرف سے معیشت سے متعلق مثبت خبریں آ رہی ہیں، آئندہ دنوں میں مہنگائی میں بھی کمی آئے گی کیوں کہ ہماری حکومت آنے سے کاروباری افراد میں اعتماد بحال ہوا، ہم نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اسی لیے عالمی میڈیا پر پاکستانی معیشت کے بارے میں مثبت خبریں آرہی ہیں لیکن کچھ عناصر پاکستان کو ترقی کرتا نہیں دیکھ سکتے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹاک ایکسچینج میں روز نیا ریکارڈ بن رہا ہے، بلوم برگ نے پاکستان میں مہنگائی اور افراط زر میں کمی سے متعلق پیشگوئی کی، مقامی سرمایہ کاری میں بھی مثبت پیشرفت دیکھنے میں آرہی ہے 16 ماہ کی حکومت میں ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، حکومت مسائل کے حل کےلیے پر عزم ہے لیکن دشمن کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، اس وقت بلیک اکانومی بڑا مسئلہ ہے جس کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، میڈیا ورکرز اور صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نے داسو حملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے، چینی باشندووں کی سیکیورٹی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے، وزیرِ اعظم نے رپورٹ کی روشنی میں چند افسران کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، وزیرِ اعظم نے آر پی او ہزارہ ڈویژن کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، ڈی پی او اپر کوہستان ڈسٹرکٹ اور ڈی پی او لوئر کوہستان ڈسٹرکٹ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے، ڈائریکٹر سیکیورٹی داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کمانڈنٹ اسپیشل سکیورٹی یونٹ خیبرپختونخوا کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کے وفد میں ان کے اہل خانہ شامل ہیں تاہم نواز شریف شامل نہیں ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ وفد کمرشل فلائٹ سے سعودی عرب جارہا ہے، تمام اخراجات خود ادا کررہے ہیں، سعودی عرب کے دورے سے مثبت خبریں آئیں گی۔ اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی سکیورٹی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق سوال پر عطا تارڑ نے جواب دیا کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے جیل میں ملاقاتیں تو چل رہی ہیں، جب کہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے ان کے ڈاکٹرکا بیان آچکا ہے کہ بشریٰ بی بی کی صحت بہتر ہے۔
Live بشریٰ بی بی سے متعلق تازہ ترین معلومات