بی جے پی نے پورے مقبوضہ جموںوکشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، محبوبہ مفتی

بی جے پی کا یہ دعویٰ قطعی طور پر بے بنیا د ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہیں،گفتگو

ہفتہ 6 اپریل 2024 13:38

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے جمعتہ التوداع کے روز جامع مسجد سرینگر کو سیل اور میر واعظ عمر فاروق کو نظربند کرنے پر قابض حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے سری نگر کے علاقے درگاہ حضرت بل میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر لانے کے دعوے کر رہی ہے لیکن جامع مسجد کی بندش اور اس طرح کی دیگر کارروائیاں ان دعوئوں کی نفی کر رہی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ بی جے پی کا یہ دعویٰ قطعی طور پر بے بنیا د ہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں حالات معمول کے مطابق ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پورے جموںوکشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔انہوںنے کہا کہ جامع مسجد سرینگر کو ایک مرتبہ پھر سیل کر دیا گیا، میر واعظ نظر بند کر دیے گئے جبکہ بھارت بھر میں بھی مساجد مسمار کی جا رہی ہیں ، مدارس بند کیے جا رہے ہیں ، مسلمانوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور وہ خوف و دہشت کے ماحول میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔