Live Updates

وزیراعلی مریم نوازشریف نے لاہور میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی، ایل ڈی اے سٹاف کی مانیٹرنگ کی ہدایت

ہفتہ 6 اپریل 2024 20:03

وزیراعلی مریم نوازشریف نے لاہور میں ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اپریل2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ایل ڈی اے سٹاف کی مانیٹرنگ کا میکانزم وضع کرنے اور کچی آبادیوں کو ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ پلان میں ترجیحاً شامل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ایل ڈی اے پراجیکٹس کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں لاہور کی سسٹین ایبل سمارٹ سٹی میں تبدیلی کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں6 ارب روپے کی لاگت سے روڈ سٹرکچر میں بہتری سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کا ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی منظوری دی گئی۔واک ویز، مخصوص بائیک سائیکل لین، سنٹرل ری کریشن ایریا، ریڑھیوں اور سٹال کیلئے وینڈنگ ایریا مختص کیاجائے گا۔ایل ڈی اے ایونیو ون میں پائلٹ ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایل ڈی اے کی ری سٹرکچرنگ کے پلان کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ایل ڈی اے کے سٹریٹیجک پالیسی یونٹ کو فنکشنل کیا جائے گا۔ ایل ڈی اے رولز میں ترمیم، ون ونڈوز ٹرانسفر،ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کا نظام لانے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں ایل ڈی اے یونیفارمڈ فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا اور ایل ڈی اے پولیس سٹیشن بنانے اور لاہور میں 20 سڑکوں کو کمرشل کرنے کی تجویزپر غور کیا گیا۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ سب سے زیادہ کرپشن کی شکایات ایل ڈی اے کی آتی ہیں۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ریڑھی بانوں کیلئے ونڈنگ پوائینٹس بنائے جائیں،کسی کی ریڑھی نہ چھینیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کمرشل آئزیشن سے 20 ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔ایک سال میں مکمل طور پر پیپر لیس سسٹم لایا جائے گا۔ ڈرون کیمرے کے ذریعے تجاوزات کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔ شہریوں کی سہولت کیلئے ایل ڈی اے ویب سائٹ پر چھوٹے گھروں کے سٹینڈرڈ نقشے فراہم کرے گا۔

ماڈل تعمیراتی نقشے ایل ڈی اے سے منظور شدہ ہونے سے شہریوں کے وقت کی بچت ہوگی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ایل ڈی اے کو ریونیو بڑھانے کے لئے نئے پراجیکٹس شروع کرنے کی ہدایت کی۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرویز رشید،وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری،ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر حکام اس موقع پر موجود تھی-
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات