اسرائیل نے شام میں ایران کے قونصل خانے پر حملہ کر کے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے،حسن نوریان

حملے کا اسرائیل کو ایسا جواب دیا جائے گا کہ اسے ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا، قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران

ہفتہ 6 اپریل 2024 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اپریل2024ء) کراچی میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے کہا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے زائد عرصے میں اسرائیل غزہ میں 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے اور غزہ میں مساجد ،اسکولز اور انفرااسٹریکچر کو تباہ کرددیا گیا ہے،اسرائیل نے شام میں ایران کے قونصل خانے پر حملہ کر کے کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا ہے،حملے کا اسرائیل کو ایسا جواب دیا جائے گا کہ اسے ندامت کا سامنا کرنا پڑے گا،وہ کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں یوم القدس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے،تقریب سے مفتی شہریارامیر اور علامہ باقر زیدی نے بھی خطاب کیا،تقریب میں گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری ،وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ،صوبائی وزیر سیاحت و ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ،چین ،ترکیہ،سلطنت آف عمان،قطر،روس ،انڈونیشیاء،ملائیشیااور سری لنکا کے قونصل جنرلز کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن،ایم کیو ایم کی نسرین جلیل،پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی مرزا اختیار بیگ،مرزا اشیاق بیگ،فردوس شمیم نقوی،مجید عزیز،فاروق افضل کے علاوہ صحافیوں سیاستدانوں سیاسی و سماجی اور اعلی شخصیات نے شرکت کی،قونصل جنرل نے مزید کہا کہ امام خمینی نے رمضان کے آخری جمعے کو یوم القدس کے طور پر منانے کا حکم دیا تھا ،آج پوری دنیا میں لوگ ان کا تعلق چاہے کسی بھی مذہب یا خطے سے ہو ،اتحاد و وحدت کی علامت بن چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ یوم القدس کا اصل مقصد یہی ہے کہ مظلومین غزہ کی نسل کشی کو روکا جائے اور فلسطین کو آزادی دلائی جائے،قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور ایران میں ہمیشہ مظلوم فلسطینیوں کے موقف کی حمایت کی ہے اور اسرائیل کے مظالم کو دنیا میں بے نقاب کیا ہے،انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے طاقت کے نشے میں فلسطنینیوں پر ظلم کی انتہا کردی،وہاں معصوم بچوں پر بمباری کی جاری ہے اور یہاں تک کہ اگر مریض اسپتال جاتے ہیں تو انہیں بھی بربریت کا نشانہ بنایا جارہا ہے،مفتی شہریا ر امین نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کو گاجر ،مولیوں کی طرح کاٹ رہا ہے،رات کا اندھیراہو یا دن کی روشنی غزہ پر اندھا دھند بمباری کی جاتی ہے،اسرائیل کے خلاف امت کے اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ اسے منہ توڑ جواب دیا جاسکے،انہوں نے کہا کہ ساری دنیا کے مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں ،جسم کے کسی بھی حصے میں تکلیف ہوتو وہ محسوس کی جاتی ہے،علامہ باقر زیدی نے کہا کہ 1968 میں اسرائیل نے جولان کی پہاڑیوں سمیت فلسطین کے بہت سارے علاقوں پر قبضہ کیا تھا،لیکن فلسطینیوں نے 20 سال کی منصوبہ بندی کے بعد اسرائیل سے بہت سارے علاقوں کو آزاد کرایا اور آج بھی یہ کوششیں جاری ہیں،انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب فلسطینیوں کو آزادی ملے گی اور اسرائیل دنیا کے نقشے سے نست و نابود ہوگا۔