Live Updates

وزیراعظم کی مسجد نبوی ﷺ آمد، نوافل کی ادائیگی اور خصوصی دعائیں

اتوار 7 اپریل 2024 00:30

وزیراعظم کی مسجد نبوی ﷺ آمد، نوافل کی ادائیگی اور خصوصی دعائیں
مدینہ منورہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اپریل 2024ء ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں عشاء کی نماز اور نوافل کی ادائیگی کی۔ وزیراعظم آفس کے پریس ونگ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے روضہء رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر حاضری دی، اس موقع پر وزیراعظم نے امت مسلمہ اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی، وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں بھی خصوصی دعا کی۔

بتایا جارہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف وفد کے ہمراہ پہلے سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ گئے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کمرشل پرواز کے ذریعہ سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوئے، وفد میں وزیراعلی پنجاب، وفاقی وزرا اسحاق ڈار، محمد اورنگزیب، محسن نقوی، عطا اللہ تارڑ، عبدالعلیم خان، احد خان چیمہ، رانا مشہود احمد خان، شبیر احمد عثمانی، عون چودھری، مصطفیٰ رمدے و دیگر افراد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے بتایا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف 6 سے 8 اپریل تک سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں، وزیراعظم کے ہمراہ وزرائے خارجہ، دفاع، خزانہ، اطلاعات اور اقتصادی امور بھی سعودی عرب گئے ہیں، دورے میں وزیراعظم کی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات متوقع ہے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اس کے علاوہ یہ رہنماء علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات