پیپلزپارٹی کراچی میں قیامِ امن کے لئے کسی بھی حد تک جائے گی، آصف خان

کراچی سمیت سندھ بھر میں امن قائم کرنا سندھ حکومت کی پہلی ترجیح ہے،کراچی میں قیام امن کے لئے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں

اتوار 7 اپریل 2024 20:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اپریل2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات، کنوینیئرضلع شرقی آصف خان نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی کراچی میں قیامِ امن کے لئے کسی بھی حد تک جائے گی،ان ماں کے زخموں پر مرہم رکھا جائے گا جن کے پیارے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی بھینٹ چڑھ گئے کراچی سمیت سندھ بھر میں امن قائم کرنا سندھ حکومت کی پہلی ترجیح ہے،کراچی میں قیام امن کے لئے مختلف سطحوں پر کوششیں جاری ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے این اے 235 کے رابطہ دفترمیں پیپلزپارٹی کے مختلف وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔وفد نے گلستان جوہرسمیت کراچی میں اسٹریٹ کرائم دیگرمسائل پرتبادلہ خیال کیا۔آصف خان نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے پچھلے دورحکومت میں ہی جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کرکے امن قائم کیا گیا تھا،کراچی کے امن کا نتیجہ ضائع نہیں جانے دیں گے،کراچی کے امن کی خاطر بے شمار قربانیاں دی ہیں اور کئی مائوں نے اپنے لخت جگر، کئی بہنوں نے اپنے بھائی اور کتنی ہی بہنوں نے اپنے سہاگ کی قربانی دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کراچی کیامن و امان پرسیاست کرنے والوں کے ماضی کوعوام نہیں بھولے، کراچی کا ماضی بہت ہی خوفناک ہے،پیپلزپارٹی کے کارکنان نے امن کے لیے جانیں قربان کیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جس کے ذریعہ شہرمیں امن قائم ہوا،اب مصلحت پسندی کا شکار ہوتا نظر آرہا ہے دہشت گردوں کو مختلف بہانوں سے آکسیجن فراہم کرنے کے منفی نتائج سامنے آرہے ہیں،چوری ڈکیتی ، ٹارگٹ کلنگ اور لاقانونیت کی دیگر وارداتوں میں اضافے سے کراچی کے شہری شدیدتشویش کا شکارہیں۔

انہوں نے کہاکہ ملک کے معاشی حب میں قیام امن کو کسی بھی صورت نظرانداز نہیں کیا جائے گا،جرائم کی روک تھام کے لیے 3 ٹاسک فورسزکا قیام اچھی پیش رفت ہے،امن وامان کا قیام سندھ حکومت اورپیپلزپارٹی کی پہلی ترجیح ہے سندھ حکومت جلد کراچی سمیت صوبے بھرمیں امن وامان کی صورتحال پرقابو پالے گی۔