نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 17 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان، محمد عامر اور عماد وسیم کی واپسی

منگل 9 اپریل 2024 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی نے نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لئے 17 رکنی قومی سکواڈ ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، فاسٹ بائولر محمد عامر اور آل رائونڈر عماد وسیم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے ، دو نئے کھلاڑی عثمان خان اور عرفان خان پہلی بار پاکستان ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے منگل کے روز قذافی سٹیڈیم لاہور میں بابراعظم کی قیادت میں17 رکنی ٹیم کے علاوہ5 ریزرو کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان بھی کیا۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز18 سے27 اپریل تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔یہ سیریز پاکستان کرکٹ ٹیم کی امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

اس سیریز کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم انگلینڈ اور آئرلینڈ کے دورے میں بھی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ قومی سلیکشن کمیٹی نے گزشتہ دنوں کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران انہیں روٹیشن پالیسی سے آگاہ کیا تھا جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ کھلاڑیوں کو مواقع دینا ہے۔پاکستان ٹیم میں پہلی مرتبہ شامل ہونے والے28 سالہ عثمان خان اس سے قبل متحدہ عرب امارات میں کھیلتے رہے ہیں۔

وہ گزشتہ دو سال سے پاکستان سپر لیگ میں شاندار پرفارمنس دیتے رہے ہیں۔گزشتہ سال انہوں نے ملتان سلطانز کی طرف سے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف پی ایس ایل کی تاریخ کی تیز ترین سنچری صرف 36 گیندوں پر بنائی تھی۔اس سال بھی انہوں نے پی ایس ایل میں دو سنچریوں اور دو نصف سنچریوں کی مدد سے430 رنز سکور کیے۔21 سالہ عرفان خان کی ٹیم میں شمولیت ڈومیسٹک کرکٹ اور پاکستان سپر لیگ میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر عمل میں آئی ہے۔

وہ اس سال پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی طرف سے کھیلتے ہوئے ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر اور بہترین ایمرجنگ کرکٹر قرار پائے تھے جبکہ پریذیڈنٹ ٹرافی میں سٹیٹ بینک کی طرف سے کھیلتے ہوئے انہوں نے چھ اننگز میں455 رنز اسکور کیے تھے۔وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک سنچری بھی اسکور کرچکے ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی مقابلوں میں انہوں نے ایک نصف سنچری بنائی ہے۔

عرفان خان 2020 ء اور 2022 ء میں انڈر19 ورلڈ کپ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں۔فاسٹ بائولر محمد عامر اور عماد وسیم کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے ۔محمد عامر اور عماد وسیم نے گزشتہ دنوں اپنی ریٹائرمنٹ ختم کرکے خود کو پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے دستیاب ہونے کا اعلان کیا تھا۔عماد وسیم نے آخری مرتبہ پاکستان کی نمائندگی گزشتہ سال نیوزی لینڈ ہی کے خلاف راولپنڈی کے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں کی تھی۔

انہوں نے حالیہ پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائٹیڈ کی طرف سے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کے خلاف ناقابل شکست نصف سنچری بنانے کے علاوہ ملتان سلطانز کے خلاف فائنل میں پانچ وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔عماد وسیم66 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 486 رنز بنانے کے علاوہ 65 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔محمد عامر نے آخری مرتبہ 2020 ء میں پاکستان کی طرف سے انگلینڈ کے خلاف اولڈ ٹریفرڈ میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا۔

محمد عامر نے 50 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 59 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کیلئے پاکستان کے سکواڈ میں بابراعظم ( کپتان )، صائم ایوب، محمد رضوان، عثمان خان ، افتخار احمد، اعظم خان ، عرفان خان نیازی، شاداب خان ، عماد وسیم ، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، زمان خان، محمد عامر، عباس آفریدی، اسامہ میر، فخرزمان اور ابرار احمد شامل ہیں،ٹیم کے ریزرو کھلاڑیوں میں حسیب اللہ، محمد علی،صاحبزادہ فرحان، آغا سلمان اور وسیم جونیئر شامل ہیں۔