لاہور میں نماز عید الفطر کے روح پرور اجتماعات ، ملکی سلامتی ،ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں

بدھ 10 اپریل 2024 13:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) ملک بھر کی طرح صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی عیدالفطر مذہبی جوش و جذبہ سے منائی گئی۔سینکڑوں مقامات پر نماز عیدالفطر کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے،علمائے کرام نے اپنے خطبات میں ملکی سلامتی ،ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کیں۔تاریخی بادشاہی مسجد میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا،مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔

گرینڈ مسجد بحریہ ٹاون میں نماز عید چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی نے نماز عید پڑھائی، جامع مسجد داتا دربار میں خطیب رمضان سیالوی نے نماز عیدکی امامت کرائی اور خطبہ دیا،دربار حضرت میاں میر میں بھی عید کا بڑا اجتماع منعقدہوا جہاں مفتی اقبال کھرل نے امامت کرائی اورخطبہ دیا۔

(جاری ہے)

جامع شیخ الاسلام ماڈل ٹاون میں نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا، ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری،شیخ حماد مصطفی المدنی اور خرم نواز گنڈا پور نے نماز عید ادا کی۔

جامع نعیمیہ میں بھی نماز عیدالفطر کا پروقار اجتماع ہوا، علامہ راغب نعیمی نے نماز عید پڑھائی۔ گریٹر اقبال پارک میں علامہ ابتسام الہی ظہیر نے نماز عید کی امامت کرائی۔منصورہ میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا،جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے منصورہ میں نماز عید ادا کی، باغ جناح میں نماز عید الفطر ڈاکٹر عارف رشید کی امامت میں ادا کی گئی جبکہ ناصر باغ میںعلامہ حسن رضا نے نماز عید پڑھائی، جی او آر ون کی مسجد میں بھی نماز عید ادا کی گئی،چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد خان، سپریم کورٹ کے جج جسٹس سید منصور علی شاہ،جسٹس امین الدین خان اور سابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد امیر بھٹی نے نماز عید ادا کی۔

جسٹس شاہد بلال حسن، جسٹس عابد عزیز شیخ،جسٹس ساجد محمود سیٹھی اور جسٹس انوار الحق پنوں نے بھی نماز عید ادا کی۔ نماز عید کے اجتماعات کے بعد ملکی سلامتی، استحکام، کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔