سعودیہ کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی آئی‘ عطا تارڑ

ہمیں قرضہ نہیں تجارت چاہیے ،پاکستانی قیادت نے امداد کی بجائے سرمایہ کاری کو ترجیح دی ‘ وزیر اطلاعات و نشریات

جمعہ 12 اپریل 2024 10:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سعودی عرب کی جانب سے پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد سٹاک ایکسچینج میں نمایاں تیزی آئی، ٹیکس سسٹم کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، نجکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اپنے حلقہ انتخاب میں عید کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ وفاقی کابینہ میں کم عمر ترین وزیر بننے کا اعزاز حاصل ہے، وزیراعظم کے ہمراہ پہلے غیر ملکی دورہ کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کی، اللہ تعالی نے خانہ کعبہ کے اندر نوافل ادا کرنے کی سعادت عطا ء کی، مسجد نبویﷺ میں تراویح اور ریاض الجنہ میں نوافل ادا کرنے کا موقع ملا، ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حلقہ کے عوام کے روزمرہ کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نظام کی بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے، ہمیں پارٹی نے ہمیشہ عزت دی ہے، تمام کارکنوں نے مل کر حلقہ کے مسائل کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات میں بہتری آ رہی ہے، سعودی عرب کے ولی عہد نے 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کیا ہے ،سعودی عرب پاکستان کے ساتھ دیرپا تعلقات کا خواہاں ہے، سعودی میڈیا نے وزیراعظم کے دورے کو خصوصی کوریج دی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں قرضہ نہیں تجارت چاہیے ،پاکستان کی قیادت نے امداد کی بجائے سرمایہ کاری کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دروازے کارکنوں کے لئے کھلے ہیں، کارکنوں کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔