پاکستان میں تحریک انصاف نامی ایک جماعت تھی جو اب ختم ہو چکی ‘عظمیٰ بخاری

خیبر پختونخواہ میں سینٹ الیکشن آپ لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوئے‘علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل

جمعہ 12 اپریل 2024 14:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے علی امین گنڈاپور اور بیرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں سینٹ الیکشن الیکشن کمیشن کی وجہ سے نہیں آپ لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں ایک ہی دن سینٹ الیکشن کروانے کی تیاریاں کی تھیں، پشاور ہائیکورٹ نے سپیکر کے پی اسمبلی کو مخصوص نشستوں پر آنے والے ارکان سے حلف لینے کا حکم دیا لیکن سپیکر کے پی اسمبلی قاسم سوری پارٹ ٹو بن گئے۔

(جاری ہے)

عظمی بخاری نے کہا کہ علی امین گنڈا پور نے پہلے رمضان پیکج پر خود اپنی تصویریں شائع کروائی اب خود ہی اس پر برہمی کا اظہار کر رہے ہیں، ڈرامے بازیاں اور رنگ بازیاں اس جماعت پر ختم ہیں، معلوم بھی نہیں خیبر پختونخواہ میں کسی کو رمضان پیکج ملا ہے یا نہیں۔ لیکن سوشل میڈیا پر اس کا منجن ضرور بیچا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تحریک انصاف نامی ایک جماعت تھی جو اب ختم ہو چکی ہے، جو جماعت الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں جس کا چیئرمین اور انتخابی نشان نہیں اس کو مخصوص نشست مل ہی نہیں سکتی۔