( ن) لیگ جمہوریت اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے ، مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے ،رانا تنویر حسین

جمعہ 12 اپریل 2024 16:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اپریل2024ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ( ن) لیگ جمہوریت اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے ، مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے ۔وہ جمعہ کے روز ارشد ورک اور چوہدری انعام ورک کے ہمراہ سٹی پریس کلب مریدکے کے صدر رانا جعفر ،چیئرمین ڈاکٹر قمر منیر ،چیئرمین سپریم کونسل اللہ رکھا عامل ،وائس چیئرمین میاں عمران الہی اور سینئر نائب صدر شیخ عمران صدیق سے گفتگو کر رہے تھے ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سمیت کوئی بھی وزیر سرکاری وسائل استعمال کررہا ہے اور نہ ہی تنخواہ لے رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعظم نہ بننے اور محمد شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ محمد نواز شریف نے خود کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے ایک سوال پر کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو گالم گلوچ کی سیاست کو ترک اور جمہوری طریقہ اپنانا ہوگا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ آج بھی فیصلے پارٹی قائد محمد نواز شریف ہی کرتے ہیں ، شہباز شریف اور پوری مسلم لیگ (ن) نواز شریف کے فیصلوں کی نہ صرف پابند ہے بلکہ ہم سب ان کے وفادار ساتھی ہیں ،وہ آج کہیں تو ہم حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا کل بھی دوسرا نام نواز شریف تھا آج بھی نواز شریف ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری پوری کرنے کیلئے ہر وقت تیار کھڑی ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہمارے پرانے اتحادی ہیں،محمد نواز شریف کے ساتھ انکے ذاتی تعلقات ہیں ،امید ہے مولانا فضل الرحمن کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچے۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ان قوتوں کے آلہ کار ہیں جو پاکستان میں سیاسی عدم استحکام میں پہلے بھی ملوث تھیں اور اب بھی ملوث ہیں ،بانی پی ٹی آئی کو جمہوری طریقہ ہی اپنانا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے دشمن چھپا ہے جس کو ہمارے ادارے موثر جواب دے رہے ہیں ،ہم نے واضح کردیا ہے کہ بھارت یا کوئی اور ہو جو رویہ ہمارے ساتھ رکھے گا اسے اسی کی زبان میں جواب دیا جائے گا ۔رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کیخلاف کھل کر جارحیت کرنے کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتا، اسے معلوم ہے پاکستان ہر وقت جواب دے سکتا ہے ،بھارت کلبھوشن یادیو اور دو جنگی جہازوں کے گرانے کا منہ توڑ جواب کبھی نہیں بھولے گا ،پاکستان ایک پرامن ایٹمی ملک ہے اور اپنی ذمہ داریوں پر ہمیشہ پورا اترا ہے، ہم ہر ہمسائے اور ملک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف کا بطور وزیر اعظم دورہ سعودی عرب بہت تاریخی اور کامیاب رہا ،سعودی ولی عہد سے تاریخی ملاقات ہوئی، سعودی ارب ریفائنری سمیت کئی شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری پاکستان لے کر آرہا ہے اور ہمارا مشن بھی یہی ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری لے کر آئیں ۔انہوں نے کہا کہ قطر ،یواے ای سمیت دیگر اسلامی ممالک کے ساتھ محمد شہباز شریف کے بہت اچھے تعلقات ہیں اور ان ممالک نے ہمیشہ مشکل وقت میں ہماری مدد کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات ضرور ہیں، مہنگائی بہت زیادہ ہے مگر حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور اکانومی درست کرنا ہے ۔عالمی ادارے بھی کہنا شروع ہوگئے ہیں پاکستان کی معیشت درست سمت چل پڑی ہے جو مہنگائی پر قابو پالے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سال ڈیڑھ سال میں مہنگائی بے روزگاری پر قابو پالے گی مگر میں کہتا ہوں انشااللہ چند ماہ میں ہم مہنگائی پر قابو پالیں گے۔