بلوچستان میرے دل کے قریب ہے پسماندگی کے خاتمے کیلئے پہلے کی طرح اب بھی اقدامات اٹھائینگے ،بلاول بھٹو

جمعہ 12 اپریل 2024 17:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے پہلے بھی اقدامات اٹھائے ہیںاب بھی اٹھائینگے،سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بلوچستان کی معاونت کرے گی۔ یہ بات انہوں نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی،وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو عید کی مبارکباد دی ، ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے مابین بلوچستان کابینہ کی تشکیل سمیت مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام کے اجرا سے متعلق آگاہ اورصوبے میں صحت اور تعلیم کے شعبوں سمیت گڈ گورننس کے قیام سے متعلق صوبائی حکومت کی ترجیحات سے چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو آگاہی دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور وزیر اعلی بلوچستان کے مابین صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری کے لئے سندھ اور بلوچستان کی صوبائی حکومتوں کے اشتراک پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے چیئر مین بلا ول بھٹوسے ملاقات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہاکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے وژن کے مطابق غریب عوام کی بہبود کیلئے منصوبہ بندی کررہے ہیں بلوچستان کی عوام نے پاکستان پیپلزپارٹی پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اس پر پورا اتریں گے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت بلوچستان کے عوام کی احساس محرومی کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی ہے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلوچستان دل کے قریب ہے بلوچستان کی پسماندگی کے خاتمے کے لئے پہلے بھی اقدامات اٹھائے ہیں عوامی فلاح کے اقدامات کا تسلسل جاری رکھیں گے سندھ حکومت صحت کے شعبے میں بلوچستان کی معاونت کرے گی۔