oبہائولنگر واقعہ ملک دشمن لوگوں کی سازش ہے،رحمت خان وردگ

ہفتہ 13 اپریل 2024 18:50

9کالاشاہ کاکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اپریل2024ء) تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خاں وردگ نے کہا ہے کہ بہائولنگر واقعہ ملک دشمن لوگوں کی سازش ہے، پاک فوج اورپولیس کو بدنام کرکے حالات خراب کرنا چاہتے ہیں ، سوشل میڈیا کے ذریعے حقائق سے منافی پروپیگنڈہ کیا گیا، وہ گذشتہ روز کالاشاہ کاکو میں تنظیمی دفتر میں پریس کانفرنس کررہے تھے ۔

رحمت خاں وردگ کا کہنا تھا کہ بہائولنگر واقعہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے غلط رنگ دیا گیا، سماج دشمن عناصر ملک کو بدنام کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے ، پاک فوج اور پولیس کی ملک وقوم کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں ، یہ واقعہ ملک دشمن لوگوں کی پاک فوج کیخلاف ایک گھنائونی سازش ہے جس ناکام بنانے کیلئے ہمیں ایک قوم ہونے کا ثبوت دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مہنگی بجلی اور گیس کے سبب عام صارفین کو شدید پریشانی کا سامنا ہے ، حکومت ان مسائل کے سدباب کیلئے سولر پینل خریدنے کیلئے سستے قرضوں کا اجراء کرے، سستی بجلی کا بہترین ذ ریعہ پانی ہے ضرورت اس امر کی ہے کہ فوری طورپر کالاباغ ڈیم سمیت دیگر آبی ذخائر تعمیر کئے جائیں جن سے بجلی کی سستی پیدوارکیساتھ ساتھ وسیع پیمانے پر کاشتکاری کیلئے پانی دستیاب ہوگا اور سیلاب جیسی آفات سے بھی محفوظ رہا جاسکے گا۔

رحمت خاں وردگ کا کہنا تھا کہ ججز کو ملنے والے خطوط کسی سازش کا پیش خیمہ لگتے ہیں سب کچھ سوچی سمجھی پلاننگ کے ذریعے ہورہا ہے تاکہ ملک کو بدنام کیا جاسکے ۔ انڈیا اور دیگر دشمن ممالک بلوچستان میں ایک طویل عرصہ سے پاکستان کیخلاف منظم دہشتگرد تنظیم کو فنڈنگ کرکے حالات خراب کررہے ہیں ، دشمن کی سازش کا شکار ہونے والے معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں امید ہے کہ بہت جلد اس نیٹ ورک کو بھی کنٹرول کرلیا جائیگا۔

پرامن پاکستان کیلئے ضروری ہے کہ بلوچستان کے حالات کنٹرول کئے جائیں اور بلوچوں کو انکاجائز حق دیا جائے اگر ماضی میں کسی کیساتھ کوئی زیادتی یا ناانصافی ہوئی ہے تو اسکا ازالہ ہونا چاہئے۔ایک سوال کے جواب پر انکا کہنا تھاکہ امریکہ دنیا کے سب سے بڑے دہشتگرد اسرائیل کی سرپرستی کررہا ہے، اگر روس، چائنہ اوراسلامی ممالک مل کر ڈالر کے متبادل عالمی کرنسی بنالیں تو امریکہ خوداپنی موت مرجائیگا ۔ عرب سمیت دنیا بھر میں جنگ امریکہ کے معاشی مفاد میں ہے اور وہ کسی صورت نہیں چاہئے کہ دنیا میں امن ہو۔